• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل کراچی منتقل، سیکیورٹی اداروں کی فل ڈریس ریہرسل

شائع March 3, 2019
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کی کراچی منتقلی کے بعد پولیس اور ٹریفک پولیس اہلکار متحرک ہوگئے جبکہ ان کی جانب سے فل ڈریس ریہرسل کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

پی ایس ایل 2019 کی سیکیورٹی سے متعلق ہونے والی اس ریہرسل میں پولیس اور رینجرز کے دستوں کے ساتھ ساتھ فوج نے بھی حصہ لیا۔

اس دوران پی ایس ایل میں شامل ٹیموں کو میچز کے لیے نجی ہوٹل سے لے کر اسٹیڈیم اور پھر اسٹیڈیم سے لے کر واپس ہوٹل لانے کی یہرسل کا مظاہرہ کیا گیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور نجی ہوٹلوں جبکہ دونوں کے درمیان گزرگاہوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری ریہرسل کے لیے تعینات کی گئی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی منتقل

خیال رہے کہ ٹیموں کو نیشنل اسٹیڈیم اور پھر واپس ہوٹل پہنچانے کے لیے کراچی کی مصروف ترین سڑک شارع فیصل کو استعمال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ٹریفک پولیس نے اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود علاقے جیتے نیپا چورنگی، کارساز، ڈالمیا حسن اسکوائر اور جیل چورنگی جانے والی سڑکوں پر فل ڈریس ریہرسل کی۔

خیال رہے کہ صرف نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سمیت قریبی علاقوں میں ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں 13 ہزار سے زائد پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار بھی مکمل سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں تنہا کرنے کی بھارتی کوشش ناکام

خیال رہے کہ سفری مشکلات اور کمرشل فلائٹس پر پابندی کی وجہ سے پی ایس ایل 2019 کے دوران لاہور میں شیڈول میچز کو بھی کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے پاکستان میں ہونے والے میچز کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق کراچی میں میچز کا آغاز 9 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل شیڈول کے مطابق 17 مارچ کو ہی کھیلا جائے گا۔

میچز کراچی منتقل ہونے سے ذمہ داری مزید بڑھ گئی، کراچی پولیس چیف

ادھر کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ انہیں پی ایس ایل میچز کی لاہور سے کراچی منتقلی کا علم میڈیا کے ذریعے ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ میچز شہر قائد میں منتقل ہونے سے شہر کی پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس پی ایس ایل فور کے میچز کے دوران بھرت پور سیکیورٹی اقدامات کرے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ پولیس نے کراچی کے میچز سے متعلق پہلے ہی سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہوا تھا تاہم اب مزید میچز کی منتقلی کے بعد سیکیورٹی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی پولیس شہرِ قائد میں کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024