• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاک۔ بھارت کشیدگی: 'دہلی کی طرف سے مثبت اقدامات کے منتظر ہیں'

شائع March 2, 2019
ترکی کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، رجب طیب اردوان — فائل فوٹو / اے ایف پی
ترکی کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، رجب طیب اردوان — فائل فوٹو / اے ایف پی

ترکی نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔

ترک اخبار 'حریت ڈیلی' کی رپورٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے صوبہ طرابزون میں انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ 'میری دو روز قبل پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی۔'

انہوں نے کہا کہ 'ترکی کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں، کشیدگی بڑھانے اور شعلوں میں ایندھن ڈالنے سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔'

رجب طیب اردوان نے کہا کہ 'دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے ترکی اپنا کردار ادا کرے گا۔'

انہوں نے بھارتی پائلٹ واپس کرنے کے پاکستانی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی طرف سے بھی اسی طرح کے اقدامات کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت: ترکی نے پاکستان کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے کے بعد گرفتار کیے گئے پائلٹ ابھی نندن کو گزشتہ روز جذبہ خیر سگالی کے تحت باعزت طریقے سے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔

بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

دو روز قبل عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں ترک صدر نے امن کی جانب پیش قدمی اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بھارت کو ایک مدبر کی طرح پیشکش کرنے پر وزیر اعظم کی تعریف کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024