• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سمجھوتہ ایکسپریس 4مارچ کو بحال ہوگی، شیخ رشید

شائع March 2, 2019
سمجھوتہ ایکسپریس 28 فروری کو معطل کردی گئی تھی—فائل/فوٹو:اے پی پی
سمجھوتہ ایکسپریس 28 فروری کو معطل کردی گئی تھی—فائل/فوٹو:اے پی پی

وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والے سمجھوتہ ایکسپریس پیر 4 مارچ کو بحال کردی جائے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس 4 مارچ کو بحال ہوگی اور سروس شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

قبل ازیں 28 فروری کو وزارت خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس پاک-بھارت کشیدگی کے پیش نظر معطل کردی گئی جو سیکیورٹی صورت حال بہتر ہونے پر بحال کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں:پاک-بھارت کشیدگی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

سمجھوتہ ایکسپریس ہفتے میں دو مرتبہ (پیر اور جمعرات) کو براستہ واہگہ لاہور سے اٹاری جاتی ہے۔

شیخ رشید نے اس موقع پر لاہور، کراچی اور حیدرآباد کے ریلوے اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کا بھی اعلان کیا اور محکمے کی کارکردگی کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جب پاکستانی فضائی سروس معطل تھی تو محکمہ ریلوے نے خسارے کو پورا کرنے کے لیے 25 فیصد مزید لوڈ برداشت کیا’۔

خیال رہے کہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کی خاطر ملک بھر میں پروازوں کو معطل رکھا گیا تھا اور تمام کمرشل پروازیں بند کردی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک-بھارت کشیدگی، کمرشل فلائٹس کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند

سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی، اسلام اباد، پشاور اور کوئٹہ ائرپورٹ سےپروازوں کو جزوی طور پر بحال کردیا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ایک حملے میں 44 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد کشیدہ ہوئے تھے کیونکہ بھارت نے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے اور دھمکیاں بھی دی تھیں۔

بھارت کی جانب سے 26 فروری کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی گئی تھی تاہم پاک فضائیہ کے فوری ردعمل پر بھارتی طیارے واپس گئے تھے تاہم دوسرے روز ایک مرتبہ پھر ایل او سی میں دراندازی پر بھارت کے دو طیاروں کو مار گرایا گیا تھا اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاک فضائیہ نے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے، پاک فوج

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کا اعلان کیا تھا اور گزشتہ روز انہیں واہگہ بارڈر میں بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

بھارتی پائلٹ کی رہائی پر بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی واپسی پر پریشان نہیں ہونا چاہیے لیکن دوبارہ مہم جوئی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

شیخ رشید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو چھوڑ کر دانش مندی کا ثبوت دیا اور موجودہ صورت حال میں سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024