• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل: گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع March 2, 2019
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا — فوٹو: پی ایس ایل
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 22ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اننگز کے آغاز سے ہی ملتان سلطانز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے پریشان کیے رکھا اور کھل کر کھیلنے نہیں دیا۔

جیمز وینس 9 رنز بنانے کے بعد 12 کے مجموعے پر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے، تاہم اس کے بعد عمر صدیق اور جانسن چارلس نے 62 رنز کی شراکت قائم کرکے اس خسارے کو کم کیا۔

عمر صدیق 14 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو جانسن چارلس بھی 75 کے مجموعے پر 46 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے شعیب ملک کے علاوہ کوئی بلے باز 10 کے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔

ملتان سلطانز کے شعیب ملک 112 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد جیسے سلطانز نے کھیلنا ہی چھوڑ دیا۔

آخری 2 اوورز کے دوران 9 رنز کے اندر ملتان سلطانز کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر اور ڈیوین براوو نے 3، 3 جبکہ محمد نواز نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹس اور احسن علی نے محتاط انداز میں 49 رنز کا شانداز آغاز فراہم کیا۔

تاہم ٹیم کی نصف سنچری سے قبل 37 رنز بنانے والے شین واٹسن کو شاہد خان آفریدی نے بولڈ کردیا۔

اس کے بعد 55 کے اسکور پر 17 رنز بنانے والے دوسرے اوپنگ بیٹسمین احسن علی کو بھی بولڈ کرکے کوئٹہ کو دونوں اوپنرز سے محروم کردیا۔

ایسے میں ریلی روسو اور احمد شہزاد کے درمیان 48 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے جیت کو یقینی بنادیا۔

ریلی روسو کو 35 رنز بنانے کے بعد محمد الیاس نے 103 کے مجموعے پر رن آؤٹ کردیا، جس کے بعد عمر اکمل بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

دونوں اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فرق نہیں پڑا اور انہوں نے احمد شہزاد کے ناقابلِ شکست 28 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی آخری گیند پر پورا کرلیا۔

ڈوین براوو کو شاندار باؤلنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج کے دوران ہونے والے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دوچار کیا تھا۔

اس فتح کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 پوائنٹس اور خراب رن اوسط کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آل راؤنڈر ڈوین براوو نے پہلی مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024