پیٹرول ڈھائی روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے مہنگا
وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 50 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 75 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 111روپے 43 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 77 روپے 53 پیسے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 86 روپے 31 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعرات کی رات 12 بجے سے ہوگا۔
گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے حکومت کو ارسال کی گئی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 44 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔
سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 71 پیسے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 44 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 12 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 6 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: نئے سال کا تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 59 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 25 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔
اس سے قبل جنوری میں حکومت نے عوام کو سالِ نو کا تحفہ دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر 2018 کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔