فیصل آباد میں اجتماعی شادی کی تقریب
فیصل آباد کے میلاد روڈ پر واقع نجی شادی ہال میں مخیر حضرات کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔
اجتماعی شادی کی تقریب میں مستحق اور غریب خاندانوں کے 10 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
نوبیاہتا جوڑوں کے لیے اشیائے ضروریہ پر مشتمل جہیز کا انتظام بھی کیا گیا۔
اجتماعی شادی کی اس تقریب کے انعقاد پر مخیر حضرات کی کاوش کو لوگوں کی جانب سے سراہا گیا۔
جوڑوں نے ڈان نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد سے ہم بہت خوش ہیں اور جنہوں نے یہ سب انتظام کیا ہے ان کا بہت شکریہ اور ایسی تقاریب ہوتی رہنے چاہئیں۔
تقریب میں باراتیوں اور مخیر حضرات علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اجتماعی شادی کا مقصد مستحق افراد کی مدد کے جذبے کو پروان چڑھانا اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے آئندہ بھی اس قسم کے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا۔