فخر زمان بقیہ میچوں کیلئے لاہور قلندرز کے کپتان مقرر
پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ کی انجری کے بعد قائم مقام کپتان اے بی ڈی ویلیئرز بھی ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے تک دستیاب نہیں ہوں گے اور بقیہ میچوں میں ان کی جگہ فخر زمان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
لاہور قلندرز کے منیجر رانا سمین نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔
رانا سمین کا کہنا تھا کہ ‘محمد حفیظ کی انجری کے بعد اے بی ڈی ولیئرز نے ٹیم کی قیادت کی تھی لیکن ان کی محدود میچوں کے لیے دستیابی کے باعث ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فخر زمان پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں قیادت کریں گے’۔
یہ بھی پڑھیں:’پی اسی ایل میں کرکٹ معیار بہت اعلیٰ ہے، اس کا حصہ بننے پر خوشی ہے‘
لاہور قلندرز کے منیجر نے کہا کہ اے بی ڈی ولیئرز پاکستان میں صرف دو میچ کھیلیں گے اور کمر کی تکلیف کے باعث انہیں پی ایس ایل کے فائنل تک کھیلنا ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ لاہور قلندرز آخری مرحلے تک کوالیفائی کرے گی اور اگر ایسا ہوا تو ڈی ولیئرز ہمیں آخر تک دستیاب نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں قلندرز کی نمائندگی کی تھی لیکن ان کی موجودگی میں ہی فخرزمان کو ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:قلندرز کی یکطرفہ مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست
فخر زمان کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ کی سرفہرست کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کے 17 ویں میچ میں باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن کو مستحکم کی تھی۔
لاہور قلندرز اب تک 6 میچوں میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
پشاور زلمی نے سب سے کم 5 میچ کھیلے ہیں اور 3 میں کامیابی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، ملتان سلطانز پانچویں اور کراچی کنگز 2 کامیابیوں کے ساتھ ناقص رن ریٹ کی بنیاد پر آخر میں موجود ہے۔