• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

مصر میں ٹرین حادثہ، 20 افراد ہلاک

شائع February 27, 2019
قاہرہ میں تیزرفتار بے قابو ٹرین کے تصادم میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
قاہرہ میں تیزرفتار بے قابو ٹرین کے تصادم میں 40 افراد زخمی بھی ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مرکزی اسٹیشن پر تیز رفتار بے قابو ٹرین کے تصادم کے بعد پٹڑی سے اترنے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق قاہرہ میں واقع رامسس اسٹیشن پر ہونے والے حادثے میں ٹرین کا تیز رفتار انجن ٹریک کے اختتام پر موجود بفرز سے ٹکرا گیا جس کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

مصر کی وزارت صحت کے مطابق ٹرین حادثے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے۔

قاہرہ میں ہونے والے حادثے کے چند گھنٹے بعد ہی وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

مزید پڑھیں: مصر: دو مختلف حادثات میں 25 افراد ہلاک

آن لائن وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ٹرین کی رفتار کم ہوئے بغیر اسے بیرئیر سے ٹکراتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران پلیٹ فارم پر چلنے والے افراد ٹرین کے ٹکراؤ سے پیدا ہونے والے دھوئیں میں گھر گئے تھے۔

حادثے سے متعلق وائرل ہونے والی دیگر تصاویر میں اسٹیشن میں کالے دھوئیں کو بادل کو اٹھتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد جائے حادثہ پر جل کر سیاہ ہونے والا سامان بکھرا ہوا تھا۔

اسٹیشن کے اندر بنائی گئی علیحدہ فوٹیج میں ٹرین سے آگ کو بھڑکتے ہوئے دکھایا گیا جس میں قریبی پلیٹ فارم پر موجود افراد حادثے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بھاگ دوڑ کررہے تھے۔

طبی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھیں ‘۔

اس موقع پر مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے فوری طور پر جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ غفلت میں ملوث شخص کا احتساب کیا جائے گا، جو کہ شدید ہوگا‘۔

خیال رہے کہ مصری شہری طویل عرصے سے شکایت کرتے رہے ہیں کہ حکومت ملک میں ٹرانسپورٹ کے شدید مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی جہاں سڑکیں اور ریلوے لائنز کی حالت بہت خراب ہے۔

دوسری جانب حکام برسوں کی غفلت اور فنڈز کی کمی کو ریلوے نیٹ ورک کی بدانتظامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصر میں ٹریفک حادثہ: سینتالیس بچے ہلاک

حالیہ چند برس میں ٹرین کے مختلف حادثات پیش آنے کے بعد حکومت کی جانب سے مختلف مواقع پر ریلوے میں بہتری کے لیے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا جاتا رہا ہے۔

سرکاری اعداد شمار کے مطابق 2017 میں مصر میں ایک ہزار 7 سو 93 اور 2016 میں ایک ہزار 2 سو 49 ٹرین حادثات ہوئے۔

اگست 2017 میں مصر کے شہر الیگزینڈریا میں 2 مسافر ٹرین ٹکراگئی تھیں جس کے نتیجے میں 40 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ برس مصر کے شمالی صوبے بیحیریا میں ٹرین حادثے میں 15 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے جس کے چند ماہ بعد ٹرین پٹڑی سے اترنےکے نتیجے میں 60 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اس وقت مصر کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے ریلوے حکام کے سربراہ کو حادثے کے بعد برطرف کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 2002 میں الآیات کے علاقے میں ہی ٹرین کا بدترین حادثہ ہوا تھا، جس میں ایک گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا تھا اور ٹرین میں آتشزدگی کی وجہ سے 361 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024