• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

شائع February 27, 2019
بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی
بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا — فائل فوٹو/اے ایف پی

سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے ضلع شوپیان میں قابض انڈین فورسز نے تازہ ریاستی دہشت گردی میں کارروائی کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے ممندر میں ناکے لگا کے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 2 نوجوانوں کو شہید کیا۔

اس رپورٹ کے شائع ہونے تک بھارتی فورسز کی جانب سے آپریشن جاری تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 پیراملٹری اہلکار ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت کی دراندازی کی کوشش، وزیرخارجہ کے عالمی رہنماؤں سے رابطے

بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد بھارت کی مختلف ریاستوں میں موجود کشمیریوں پر تشدد کے واقعات سامنے آئے تھے، جس کے بعد بھارت میں موجود تاجر، طلبا، مزدور اور دیگر افراد سمیت 700 سے زائد افراد واپس مقبوضہ کشمیر آنے پر مجبور ہوئے تھے۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 2 روز قبل 3 کشمیری نوجوانوں پر تشدد کیا گیا تھا اسی طرح دوسرے شہر پونے میں نوجوان صحافی کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

کشمیری صحافی جبران نذیر پر حملہ کرنے والے افراد نے کہا تھا کہ وہ انہیں واپس کشمیر بھیج دیں گے۔

بھارت میں کشمیریوں کے خلاف بدترین تشدد پر سپریم کورٹ نے بھی پولیس سربراہ اور ریاستی حکومتوں کو ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انسانی حقوق کے سربراہ کو بھی کشمیریوں کے خلاف تشدد پر نوٹس لے کر بھارت کو ان مظالم سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر انتونیو ندونگ مبا کو اپنے خط پلوامہ واقعے کے بعد درپیش صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے پیدا کردہ ہیجان کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر تشدد کی نئی لہر مسلط کردی گئی ہے اور کشمیری عوام کو خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کا مطالبہ کرنے پر ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری شہید

سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنے کی درخواست کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام بین الاقوامی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ ان کی حالت زار پر توجہ دیں اور علاقے میں بہیمانہ بھارتی مظالم رکوانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں در اندازی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا کیمپ تباہ کردیا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دشمن کے جہازوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کے جوابی رد عمل پر وہ اپنا پے لوڈ گراتے ہوئے واپس بھاگ گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024