• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لاہور قلندرز کی وسیم اکرم، عماد وسیم اور عامر کے خلاف شکایت

شائع February 26, 2019
واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے گزشتہ میچ کے دوران پیش آیا تھا— تصویر بشکریہ پی ایس ایل
واقعہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے گزشتہ میچ کے دوران پیش آیا تھا— تصویر بشکریہ پی ایس ایل

لاہور قلندرز نے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم، کپتان عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ شکایت کردی ہے۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے دوران 16 جنوری کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں قلندرز نے کنگز کو 22رنز سے شکست دی تھی۔

اس میچ کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم کا لاہور قلندرز کے شائقین سے کچھ تنازع ہوا تھا جس میں فرنچائز کے صدر وسیم اکرم، کپتان عماد وسیم اور محمد عامر ملوث تھے۔

اس معاملے کے بعد وسیم اکرم طیش میں آ کر میچ کی اختتامی تقریب کی جانب چلے گئے تھے جبکہ کراچی کنگز کے منیجر عامر اور عماد کو وہاں سے زبردستی لے گئے تھے۔

میچ کے بعد وسیم اکرم نے الزام لگایا تھا کہ لاہور قلندرز کے اسٹینڈ سے کسی نے انہیں ’آلو‘ کہہ کر پکارا جس پر سابق کپتان غصے میں آگئے تھے۔

اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ایک آفیشل عثمان والا بھی کود پڑے تھے اور انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں سے شکایت کی جس پر وہ دو اہم شخصیات کو اپنے ساتھ لے گئے۔

ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد لاہور قلندرز کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ وسیم اکرم، عماد وسیم اور محمد عامر کی جانب سے اسٹینڈ میں بیٹھے لوگوں کو مبینہ طور پر نامناسب اشارے کیے گئے حالانکہ وہاں خواتین بھی موجود تھیں۔

وسیم اکرم کو لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا کے اہلخانہ سے الجھتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے بعد عماد وسیم اور محمد عامر بھی اس بحث کا حصہ بن گئے جہاں اس دوران نازیبا اشارے بھی کیے گئے۔

مشہور کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق لاہور قلندرز نے ابتدائی طور پر میچ ریفری روشن مہانامہ سے شکایت کی لیکن انہوں نے کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے معذرت کرتے ہوئے معاملے سے کنارہ کشی اختیار کر لی البتہ اب پی سی بی اور پی ایس ایل کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے گی۔

لاہور قلندرز اس بات کا خواہشمند ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو نکال کر معاملے کا جائزہ لے اور 28فروری کو کراچی کنگز کے خلاف میچ سے قبل اس معاملے پر ایکشن لیا جا رہا ہے۔

کراچی کنگز نے اب تک اس معاملے پر کوئی وضاحت پیش نہیں کی جہاں ان کے ترجمان نے تصدیق کی کہ منگل کی صبح تک اس معاملے پر پی سی بی نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024