• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فواد چوہدری: جیسا دیس ویسا بھیس

شائع March 14, 2019

فواد چوہدری حال میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ ماضی سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں اور کل کس نے دیکھا؟

گزشتہ ماہ وہ ان 2 پارٹیوں کے پیچھے پڑ گئے جن سے کبھی ان کا بھی تعلق رہا ہے۔

دورہءِ کراچی کے موقعے پر چوہدری صاحب نے بڑی حد تک یہ دھمکی دی کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کی صوبائی اسمبلی میں موجود اپنے اتحادیوں کی مدد سے حکومتِ سندھ کا تختہ الٹ دے گی اور ساتھ ہی ساتھ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کردیا۔

اگرچہ 2012ء اور 2013ء میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی حکومت میں وہ وزیرِاعظم کے غیر منتخب مشیرِ خاص اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، لیکن اپنے سابق باس آصف علی زرداری پر برستے وقت انہیں ذرا بھی دقت محسوس نہیں ہوتی۔

نہ ہی پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ماضی کا تعلق انہیں اس وقت آڑے آیا جب وہ (ق) لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کا دعوٰی کررہے تھے، حالانکہ یہ جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے۔ ان کے اس بیان نے (ق) لیگ کی قیادت کو اس قدر ناراض کیا کہ اس جماعت کے ایک صوبائی وزیر نے یہ کہتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دے دیا کہ ان کی وزارت اور پارٹی میں مداخلت کی جا رہی ہے، جبکہ (ق) لیگ نے اپنی شکایات سیدھا وزیرِاعظم عمران خان کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاشبہ وزیرِ اطلاعات کو محاذ آرائی سے کوئی خوف نہیں۔ اپنے مختصر سے عرصے میں وہ سیاستدانوں، صحافیوں، ججوں اور بیوروکریٹس کی ناک میں دم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ابھی معافی مانگے تھوڑا ہی وقت گزرتا تو ایک بار پھر کوئی غلطی کر بیٹھتے ہیں۔

غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے پر ان کی سینیٹ اجلاس میں شرکت پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے۔ مگر یہ محسوس ہوتا ہے کہ چوہدری صاحب کو اس قسم کی چڑھائیوں کی چھوٹ حاصل ہے۔

کئی طریقوں سے چوہدری صاحب بالکل ویسا ہی کردار ادا کررہے ہیں جو شیخ رشید نے 1990ء کی دہائی میں نواز شریف کے بااعتماد ہم نوا کے طور پر ادا کیا تھا، کیونکہ وہ بھی سیاسی حریفوں پر ذاتی حملے کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے۔ موجودہ وقت میں بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شیخ رشید اب بھی فواد چوہدری کی ذمہ داری ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

یہاں تک کہ وہ میڈیا جس کے ساتھ انہوں نے بطور میزبان کام بھی کیا ہے، وہ میڈیا بھی انہیں زیادہ پریشان نہیں کرسکا۔

چوہدری صاحب ٹی وی چینلوں اور اخبارات کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت پر بات کرتے ہیں جنہیں وہ کبھی سیاستدانوں کا مذاق اڑانے کے لیے استعمال کیا کرتے تھے جبکہ ان کی حکومت ایک انتہائی متنازع نئی میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی تجویز بھی پیش کرچکی ہے۔

مگر جب صحافیوں نے مالی اور سینسرشپ دباؤ کے حوالے سے ان کا گھیراؤ کیا تو فواد چوہدری نے بڑے ہی پُرسکون انداز میں (اور غلط طور پر) ہیرالڈ میگزین کے بند ہونے کو روایتی میڈیا کے موجودہ وقت میں غیر اہم ہونے کا ثبوت بتایا۔ حالانکہ یہ وقت تو ان کی اپنی وزارت کے لیے لمحہ فکریہ ہے، کیونکہ ہر صوبے اور ہر وفاقی وزارت کے پاس اپنے اپنے ترجمان ہیں، لہٰذا پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) جو وفاقی وزارتِ اطلاعات کے ماتحت ہے اب کافی حد تک ایک فضول محمکہ بن چکا ہے۔

دیگر تقرریاں، جیسے حال ہی میں ندیم افضل چن کی بطور وزیرِاعظم کے ترجمان تعیناتی بھی ایک حاکمانہ حکومتی اطلاعات فراہم کرنے والے کی ضرورت کو درست ثابت نہیں کرتیں۔

تاہم، یہ ایک الگ بحث ہے کہ فواد چوہدری آخر ترجمانی کر کس کی رہے ہیں۔

جہلم کے ایک متحرک سیاسی خاندان میں پیدا ہونے والے فواد چوہدری نے پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے سے 2002ء کے انتخابات میں حصہ لے کر انتخابی سیاست میں قدم رکھا۔ ان انتخابات میں انہیں صرف 161 ووٹ ہی حاصل ہوسکے۔ اس کے بعد انہوں نے پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) میں بطور میڈیا کوآرڈینیٹر شمولیت اختیار کی اور 2012ء میں مشرف کی پاکستان واپسی کے فیصلے پر مشرف کے ساتھ ان کے اختلافات پیدا ہوئے اور یوں وہ پارٹی سے الگ ہوکر پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

لیکن 2013ء کے عام انتخابات سے تھوڑا ہی پہلے وہ دوسری کشتی پر سوار ہوگئے اور قومی اسمبلی کی نشست کے لیے (ق) لیگ کی ٹکٹ پر انتخاب لڑا، لیکن یہ فیصلہ بھی سودمند ثابت نہیں ہوا۔

3 سال بعد فواد چوہدری ایک بار پھر اپنی کشتی بدلنے کے لیے تیار تھے۔ جون 2016ء میں وہ پی ٹی آئی سے منسلک ہوگئے، وہی پی ٹی آئی جس کے خلاف کئی ٹی وی شوز میں بطور مہمان اور بطور میزبان باتیں کیا کرتے تھے، بلکہ بُرا بھلا کہا کرتے تھا۔

ضمنی انتخابات کے لیے انہیں جہلم سے ٹکٹ نوازا گیا مگر ایک بار پھر ناکامی مقدر بنی۔ لیکن بالآخر 2018ء کے عام انتخابات میں انہیں اپنے آبائی علاقے سے پنجاب کی صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی نصیب ہوئی، مگر انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا اور پھر وہ وفاقی کابینہ میں شامل کرلیے گئے۔

وہ انتخابی فتح یا ناکامی کے ساتھ، جس بھی سیاسی تھیٹر میں جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو گیلری میں بیٹھے ناظرین کو اپنی سیٹوں پر جمائے رکھنے کا کام بخوبی انجام دیتے ہیں۔

لہٰذا فواد چوہدری کا پی ٹی آئی اور عمران خان پر اعتماد اٹل دکھائی دیتا ہے۔ صورتحال چاہے کوئی بھی ہو، وہ عمران کی یوٹرن پالیسی پر بھروسہ رکھتے ہیں اور اس پر یقین کا پیرہن خود اوڑھ لیتے ہیں۔

لیکن کسی کو کیا معلوم کہ مستقبل میں کیا ہونے والا ہے اور فواد چوہدری آنے والے کل کس کی ترجمانی کر رہے ہوں گے؟

یہ مضمون ابتدائی طور پر ہرالڈ میگزین کے فروری 2019 کے شمارے میں شائع ہوا۔

ہیرالڈ میگزین
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Rizwan Mar 14, 2019 09:55pm
Fawad Choudhary is a shame in the name of democracy.
Muqeet Mar 16, 2019 01:38am
@Rizwan gher ka bhedi lanka dhaey

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024