• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ٹی وی بحران پر فواد چوہدری کی مریم اورنگزیب سے مشاورت

شائع February 25, 2019
مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری سے ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویژن کے بحران  سے متعلق تبادلہ خیال کیا — فائل فوٹو/ اے پی پی
مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری سے ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویژن کے بحران سے متعلق تبادلہ خیال کیا — فائل فوٹو/ اے پی پی

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی دعوت پر ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔

مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری سے ملاقات میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) بحران سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اطلاعات اور فواد چوہدری کے درمیان پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) ارشد خان کے تقرر سے متعلق امور زیر غور آئے۔

مزید پڑھیں: 'نعیم الحق کابینہ میں رہیں گے،فواد چوہدری چلے جائیں گے‘

ملاقات میں مریم اورنگزیب نے کہا ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی غیر قانونی طور پر ہوئی جس پر فواد چوہدری نے ان کے موقف کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب سے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کیس کے حل میں آگاہی لی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے وزیر اطلاعات سے پی ٹی وی ملازمین اور پنشنرز کو درپیش مسائل کے حل کا مطالبہ کیا جس پر فواد چوہدری نے انہیں یقین دلایا کہ پی ٹی وی ملازمین کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات سے متعلق جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ انہوں نے وزیر اطلاعات کی توجہ فلم اور کلچرل پالیسی پر عملدرآمد میں تاخیر کی جانب مبذول کروائی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو استعفیٰ دیا نہ مجھ سے مانگا گیا، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے حق سے متعلق کمیشن کے حوالے سے بھی تاحال عملدرآمد کا مرحلہ درپیش ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہوں نے وزیر اطلاعات کو اپوزیشن کی جانب سے ان مسائل کے حل کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان مسلم لیگ(ن) نے وزیر اطلاعات سے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات میں لانے پر زور دیا۔

پی ٹی وی بحران

واضح رہے کہ حکومت کی میڈیا ٹیم کے مابین اختلافات 20 فروری کو منظر عام پر آئے جب فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم کے بعض خصوصی مشیر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے بھاری تنخواہ لینے پر ان کی حمایت کررہے ہیں جبکہ پی ٹی وی شدید مالی بحران کا شکار ہے۔

پی ٹی وی سینٹر کے دورے پر وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ ’پی ٹی وی کی معاشی حالت سب کے سامنے ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم چند ہزار روپے کی ماہانہ پینشن دینے سے قاصر ہیں جبکہ ایک اعلیٰ عہدیدار کو ماہانہ 25 لاکھ روپے تنخواہ دی جارہی ہے‘۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ مجھے پی ٹی وی انتظامیہ سے ’بعض امور پر تحفظات‘ ہیں لیکن میں نے تاحال استعفیٰ پیش نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کل (26 فروری)کو وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس میں پی ٹی وی انتظامیہ سے متعلق وزیر اطلاعات کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024