• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

افغان مہاجرین کے اکاؤنٹس بحال کرنے کے فیصلے پر'یو این ایچ سی آر' کا خیر مقدم

شائع February 25, 2019
پاکستان میں دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین مقیم ہیں—فائل/فوٹو:رائٹرز
پاکستان میں دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین مقیم ہیں—فائل/فوٹو:رائٹرز

اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے منجمد بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس معاملے پر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کر دیا۔

اقوام متحدہ کے کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرینڈی کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم عمران خان، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو افغان مہاجرین کی حمایت میں اہم قدم لینے پر میں ان کے فیصلے کو سراہتا ہوں جو عالمی سطح پر حمایت کا ایک بے لوث انداز ہے’۔

یو این ایچ سی آر کے ڈائریکٹر برائے ایشیا اور پیسیفک اندریکا رواٹ اور پاکستان میں ایجنسی کی نمائندہ رویندرینی مینیکڈیولا نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث میزبانی کی اور تازہ فیصلے پر ان کو داد دینی چاہیے۔

اندریکا رواٹ نے کہا کہ ‘دنیا میں انسانی بنیادوں پر قیادت کی جانب سے یہ ایک بڑا فیصلہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی’۔

مزید پڑھیں: رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا حکم

پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ رویندرینی نے کہا کہ مہاجرین کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کی اجازت سے بیرون ملک رہنے والے اہل خانہ کے اراکین کو بینکوں کے ذریعے رقم پہنچانے کی سہولت ہوگی، جس سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین پہلے ہی پاکستان کی مقامی معیشت میں حصہ ڈال رہے ہیں اور اس فیصلے سے ان کو باقاعدہ طور پر معیشت میں حصہ داری کا موقع میسر ہوگا اور وہ فعال کردار ادا کریں گے۔

رویندرینی نے کہا کہ یو این ایچ سی آر پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام بدستور جاری رکھے گی اور ‘ہم اس معاملے پر جس طرح ہوسکے حکومت کی مدد کرنے کو تیار ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان مہاجرین کی میزبانی کرنے والادنیا کاسب سے بڑاملک

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر اپنے پیغام میں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین بینک اکاؤنٹس کھلوا کر باضابطہ طور پر ملکی معیشت میں حصہ لے سکتے ہیں، یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پاکستان میں مقیم 15 لاکھ افغان مہاجرین کو شہریت دینے کا اعلان کیا تھا۔

یو این ایچ سی آر نے 20 اگست 2017 کو اپنی ایک رپورٹ میں پاکستان کو تین دہائیوں میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ملک قرار دیا تھا۔

یو این ایچ سی آر کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں اس وقت افغانستان سے تعلق رکھنے والے 14 لاکھ 50 ہزار کے قریب مہاجرین موجود ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان تین دہائیوں سے خلوص کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اس حوالے سے عالمی برادری کی جانب سے مزید تعاون کی اشد ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024