• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

میں پاکستان کا دورہ مسلسل کرتا رہوں گا، ڈیرن سیمی

شائع February 25, 2019 اپ ڈیٹ February 26, 2019
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا— فائل / فوٹو: پی ایس ایل
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پی ایس ایل ٹائٹل جیتا تھا— فائل / فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پاکستانی شائقین کی حمایت کو اپنے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لیے پاکستانیوں کا پیار زندگی بھر کا خزانہ ہے اور میں پاکستان کا دورہ کرتا رہوں گا۔

پی ایس ایل کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں ڈیرن سیمی نے کہا کہ ‘میں فخر محسوس کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ پاکستانی عوام کا میرے لیے یہ پیار صرف اور صرف پی ایس ایل کی وجہ سے آیا اور یہ میری زندگی بھر کا سرمایہ ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اس بات پر پرعزم ہوں اور پاکستان کا دورہ مسلسل کرتا رہوں گا’۔

ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دو مرتبہ چمپیئن بنانے والے ڈیرن سیمی، پی ایس ایل میں شامل ہونے کے بعد پاکستانی مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پیار سمیٹنے والے غیرملکی کھلاڑی ہیں اور یہاں تک کہ پشاور زلمی سے جڑنے کی مناسبت سے انہیں 'ڈیرن سیمی خان' کا نام بھی دیا گیا۔

ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل 2019 کے آغاز سے قبل پشاور کا دورہ بھی کیا اور دیگر غیرملکی کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ کس طرح پاکستان ایک محفوظ ملک ہے اور یہاں کرکٹ کے عالمی مقابلے ہوسکتے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان نے پشاور میں ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی تقریب میں حصہ لیا تھا اور 2014 میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے اظہار یک جہتی تھا۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ‘زلمی میرے اپنے خاندان کی طرح ہے اور ان کی جانب سے جو پیار دیا گیا ہے وہ میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، میں پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ وہ مجھے اپنا سمجھتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میری نظر میں پی ایس ایل دنیا میں بہترین لیگز میں سے ایک ہے اور بہت مختصر وقت میں اس نے بڑے برانڈ کی شکل اختیار کی ہے، اسی طرح پی ایس ایل میں کھیلنا ہمیشہ ایک لطف کی بات ہے’۔

خیال رہے کہ ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے علاوہ کریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل)، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی کی دیگر بڑی لیگز کا حصہ رہے ہیں۔

پی ایس ایل سے سامنے آنے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘پی ایس ایل نے پاکستان کو ابھرتے ہوئے کھلاڑی دیے ہیں اور جن کھلاڑیوں نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی انہیں دنیا کی دیگر بڑی لیگز میں منتخب کیا گیا’۔

ڈیرن سیمی نے کھلاڑیوں کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ‘ابتسام شیخ اور سمین گل وہ کھلاڑی ہیں جو پشاور زلمی سے آئے ہیں’۔

ابتسام شیخ ابھرتے ہوئے لیگ اسپنر ہیں اور سمین گل نوجوان فاسٹ باؤلر ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی رواں سیزن میں اب تک کھیلے گئے 5 میچوں میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024