• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی شروع

شائع February 25, 2019
حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی—فائل فوٹو: اے ایف پی
حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: حکومت پاکستان کی سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز آج (25 فروری) سے ہوگیا۔

ملک بھر میں 14 بینکوں کی مختلف برانچز سے حج درخواست فارم حاصل کیے جاسکتے ہیں جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 6 مارچ مقرر کی گئی ہے۔

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی، جس میں خوش نصیبوں کا اعلان کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال حج درخواستیں نیشنل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، عسکری بینک، مسلم کمرشل بینک، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، الائیڈ بینک لمیٹڈ، فیصل بینک، حبیب میٹروپولیٹن بینک، دی بینک آف پنجاب، زرعی ترقیاتی بینک، بینک الفلاح، دبئی اسلامک بینک، میزان بینک اور بینک الحبیب سے وصول اور جمع کروائی جاسکیں گی۔

اس کے علاوہ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت درخواستیں منظور شدہ ٹور آپریٹرز سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 5سو 26 درخواستوں کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب سے حال ہی میں ملنے والے اضافی حج کوٹے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے۔

واضح رہے کہ حج سبسڈی ختم کرنے پر تنقید کا سامنا کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے حج اسکیم برائے سال 2019 متعارف کرائی تھی جس کے تحت سعودی حکام نے پاکستان کو 5 ہزار حجاج کا اضافی کوٹہ تفویض کیا تھا۔

رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت شمالی ریجن جس میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں، وہاں کے لوگوں کے لیے حج پیکج 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے کا ہوگا جبکہ کراچی، کوئٹہ، سکھر و دیگر پر مشتمل جنوبی ریجن میں فی کس حج اخراجات4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ چند برس میں حج کے اخراجات میں مزید اضافے کا امکان

تاہم اس پیکج میں قربانی کی رقم شامل نہیں ہے، اس کے لیے 19 ہزار 451 روپے علیحدہ ادا کرنے ہوں گے۔

واضح رہے کہ نئی حج پالیسی کے تحت 15 ستمبر 2017 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کو بھی پیکج میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت شمالی حج پیکج میں بچوں کا 12 ہزار 910 روپے اور جنوبی حج پیکج میں 11 ہزار 910 روپے ہوں گے۔

سرکاری حج پالیسی کے تحت 80 سال عمر سے زائد افراد کے لیے بمعہ محرم 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس کے لیے درخواستیں 10 ہزار سے زائد موصول ہونے پر انتخاب سینیارٹی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پاکستان سے 1 لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 عازمین حج اپنے فریضے کی ادائیگی پر گئے تھے۔

حج 2018 میں شمالی علاقہ جات بشمول پنجاب اور خیبرپختنونخوا کا پیکج 2 لاکھ 80 ہزار روپے رکھا گیا تھا جبکہ کراچی، کوئٹہ اور سکھر کا پیکج 2 لاکھ 70 ہزار مقرر تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024