• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل: محمد سمیع کی ہیٹ ٹرک، یونائیٹڈ 12 رنز سے کامیاب

شائع February 23, 2019
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ — فوٹو: پی ایس ایل
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں میچ میں محمد سمیع نے ہیٹرک کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے خلاف 12 رنز سے فتح دلوادی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی نے ٹیم کو ایک مرتبہ پھر اچھا آغاز فراہم کیا اور 15 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز اسکور کیے۔

صاحبزادہ فرحان کے ساتھ رونکی کی اوپننگ پارٹنر شپ 32 تک پہنچی تھی کہ سمین گل نے خطرناک دکھائی دینے والے لیوک رونکی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

رونکی کے بعد صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیا لیکن وہ بھی 15 رنز بنانے کے بعد 47 کے اسکور پر سمین گل کی گیند پر لیام ڈاسن کو کیچ دی بیٹھے۔

حسین طلعت صرف 2 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے 47 کے ہی اسکور پر وہ کیرون پولارڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اپنا پہلا پی ایس ایل کا میچ کھیلنے والے این بیل نے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل 46 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 105 تک پہنچایا۔

ایک مرتبہ پھر زلمی نے حسن علی کی بدولت میچ میں واپسی کی جنہوں نے 29 رنز بنانے والے کیمرون ڈیلپورٹ کو 105 کے جموعے پر آؤٹ کردیا۔

ان کے بعد آصف علی نے 2 بلند و بالا چھکے تو لگائے لیکن وہ صرف 13 رنز بنانے کے بعد ایک اور چھکا لگانے کی کوشش میں 130 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب این بیل نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو 158 کے مناسب ٹوٹل تک پہنچا دیا۔

این بیل نے 46 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور دفاعی چیمپیئن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بناتے ہوئے زلمی کو 159 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا کیونکہ 18 کے اسکور پر 7 رنز بنانے والے کامران اکمل اور 26 کے مجموعے پر ایک رن بنانے والے ڈیوڈ ملان یونائیٹڈ کے نوجوان کھلاڑی محمد موسیٰ کو وکٹیں دے بیٹھے۔

ٹیم کے اسکور میں اضافہ کیے بغیر امام الحق بھی 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد عمر امین نے 14 اور لیام ڈاسن نے 21 رنز بنا کر ٹیم کو 65 رنز تک پہنچایا۔

دونوں کھلاڑی بالترتیب 58 اور 65 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو مطلوبہ ہدف تک پہنچنے کے لیے 42 گیندوں پر 94 رنز درکار تھے۔

اس کے بعد ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کیرون پولارڈ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز کے چھکے چھڑا دیے، اور 22 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

فہیم اشرف نے پولارڈ کے خطرے کو 120 کے جموعے پر دور کیا تو پشاور زلمی کو جیت کے لیے آخری تین اوور میں 39 رنز درکار تھے۔

آٹھویں نمبر پر آنے والے وہاب ریاض نے آتے ہی ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلر محمد موسیٰ نے زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر کے وہاب ریاض کے حوصلے کو دبادیا۔

آخری اوور میں زلمی کو 19 رنز دکار تھے، تاہم محمد سمیع نے پی ایس ایل میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 12 رنز سے فتح دلوائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع کو شاندار باؤلنگ پرفارمنس پر میچ آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کے فائنل میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ ہی آمنے سامنے آئے تھے جہاں یونائیٹڈ نے میدان مارا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلینڈ کے سابق کرکٹر این بیل کو وین پارنیل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ پشاور زلمی میں وین میڈسن کی جگہ ڈیوڈ ملان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024