• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی سی بی نے ’پی ایس ایل‘ کے پروڈکشن حقوق نئی کمپنی کو دے دیئے

شائع February 19, 2019
نشریات کے میعار میں کوئی کمی نہیں ہوگی، پی سی بی — فوٹو، پی ایس ایل
نشریات کے میعار میں کوئی کمی نہیں ہوگی، پی سی بی — فوٹو، پی ایس ایل

بھارتی کمپنی کے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لائیو نشریات اور پروڈکشن کے حقوق نئی کمپنی کو دے دیئے۔

پی سی بی نے مشہور بھارتی تاجر مکیشن امبانی کی کمپنی 'آئی ایم جی ریلائنس' کو رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق دیئے تھے لیکن اب کمپنی نے لیگ کی مزید نشریات سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پی سی بی نے 'پی ایس ایل 2019' کے بقیہ میچز کے لیے بلٹز اینڈ ٹرانز گروپ کے کنسورشیم کو براہِ راست نشریات اور پروڈکشن کے حقوق دے دیئے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق لینے والی بھارتی کمپنی کا لیگ نشر کرنے سے انکار

پی سی بی کے مطابق بلٹز اس وقت پاکستان میں پی سی بی کا براڈ کاسٹ پارٹنر ہے جبکہ ٹرانز گروپ ایونٹ منیجمنٹ پارٹنر ہے۔

پی ایس ایل 2019 کا آغاز 14 فروری سے ہوا تھا جہاں روزانہ کی بنیاد پر میچز کھیلے جاتے ہیں جنہیں ٹیلی ویژن پر براہِ راست بھی دکھایا جاتا ہے۔

ایونٹ میں آج آرام کا دن تھا تاہم 20 فروری سے نشریات کا دوبارہ آغاز ہوجائے گا۔

پی سی بی اعلامیے میں بتایا گیا کہ جب 20 فروری سے دوبارہ پی ایس ایل کی نشریات کا آغاز ہوگا تو بلٹز اور ٹرنز گروپ ایونٹ کی لائیو کوریج کریں گے۔

اس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل میچز کے میعار میں کوئی کمی نہیں آئے گی، یہ بالکل اسی طرح نشر کیے جاتے رہیں گے جس طرح ابتدائی میچز نشر کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں ڈان نیوز کے پروگرام ’ری پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ پریزنٹر زینب عباس نے بھی ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی چینل نے حقوق کے باوجود پی ایس ایل کی نشریات بند کردی

انہوں نے بتایا کہ بلٹز اینڈ ٹرانز گروپ پہلے بھی کرکٹ میچز کی لائیو کوریج کر چکے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی کمپنی کے انکار کے باوجود کرکٹ کی کوریج کے معیار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، بلکہ یہ اسی طرح چلتا رہے گا۔

خیال رہے کہ 18 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس سے پی ایس ایل 2019 کے نشریاتی حقوق واپس لیتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ آئی ایم جی ریلائنس اب لیگ کے میچز نشر نہیں کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024