• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی: خزانے کی تلاش میں شہری نے گھر کھود دیا، 8 افراد گرفتار

شائع February 19, 2019
مالک مکان کے برادر نسبتی نے گھر میں خزانہ چھپے ہونے کا خواب دیکھا تھا — فوٹو : معراج اختر
مالک مکان کے برادر نسبتی نے گھر میں خزانہ چھپے ہونے کا خواب دیکھا تھا — فوٹو : معراج اختر

پولیس نے کراچی کے علاقے ڈالمیا میں چھپے ہوئے خزانے کی تلاش میں گھر میں کھدائی کرنے پر خاتون سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈالمیا کے رہائشی طارق کا کہنا ہے کہ ان کے برادر نسبتی نے گھر میں زیر زمین خزانہ چھپے ہونے کا خواب دیکھ کر انہیں آگاہ کیا تھا۔

جس پر طارق نے پیرنی سے رابطہ کیا جنہوں نے گھر میں کھدائی کے مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے آدھا خزانہ خود لینے کی شرط عائد کی تھی۔

ڈالمیا کے رہائشی طارق نواز قطر میں کچھ برس ملازمت کرکے پاکستان واپس آئے ہیں اور انہوں نے پیرنی کے مشورے کے بعد گھر میں کھدائی شروع کروائی۔

— فوٹو: معراج اختر
— فوٹو: معراج اختر

زیر حراست مبینہ پیرنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سے پہلے بھی مکان کی کھدائی کے دوران مٹی سے بھری پتیلیاں ملی تھیں اسی لیے دوبارہ کوشش کی۔

اس حوالے سے سپرنڈنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن ٹاؤن طاہر احمد نورانی کا کہنا ہے کہ جعلی پیرنی سمیت دیگر افراد گزشتہ 20 روز سے مکان کی کھدائی کررہے تھے اور اب تک خزانے کی تلاش میں 35 فٹ تک کھدائی کی جاچکی ہے۔

ایس پی گلشن نے بتایا کہ خزانے کی تلاش میں گھر میں کھدائی میں مصروف مالک مکان،جعلی پیرنی اور 8 مزدوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیرنی بلدیہ کی رہائشی ہیں،پیرنی کے کہنے پر ہی مالک مکان نے گھر میں کھدائی شروع کروائی۔

ایس پی گلشن کا کہنا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میچ قریب ہےکسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس لیے ہر لحاظ سے اس کھدائی کی تفتیش کررہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان اگر تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہوئے تو انہیں رہا کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024