• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

حفیظ پاکستان سپر لیگ سے باہر، ورلڈ کپ میں بھی شرکت مشکوک

شائع February 18, 2019 اپ ڈیٹ February 21, 2019
محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ہی میچ میں انجری کا شکار ہوئے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر
محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ہی میچ میں انجری کا شکار ہوئے— تصویر بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ ہاتھ کی انجری کے سبب ممکنہ طور پر بقیہ پی ایس ایل میں شرکت نہیں کر سکیں گے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں بھی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

ہفتے کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران محمد حفیظ کی گیند پر کولن انگرام نے انہی کی جانب تیز شاٹ کھیلا اور کیچ پکڑنے کی ناکام کوشش میں وہ انگلی زخمی کرا بیٹھے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق لینے والی بھارتی کمپنی کا لیگ نشر کرنے سے انکار

حفیظ کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جا کر معائنہ کیا گیا اور قلندرز کی میچ میں 22رنز سے فتح کے بعد انہیں فوری طور پر ایکسرے اور اسکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے حفیظ کو چند دن آرام کا مشورہ دیا تھا اور امید تھی کہ وہ جلد صحتیاب ہو جائیں گے تاہم اب ان کی لیگ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کی قیادت کی اور ٹاس کے موقع پر انکشاف کیا کہ حفیظ کی انگلی میں فریکچر ہوا جس کے سبب وہ 4 سے 6 ہفتوں تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

اس کے ساتھ ہی حفیظ کے لیے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا اختتام ہو گیا ہے اور اب وہ شاید ہی کسی میچ میں قلندرز کی نمائندگی کر سکیں۔

حفیظ کی صرف پی ایس ایل میں ہی شرکت پر سوالیہ نشان نہیں لگا بلکہ دو ماہ بعد شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے اور ان کی شرکت کا انحصار فٹننس پر ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز کا پہلی فتح کے بعد ڈی ویلیئرز کے لیے سرپرائز

محمد حفیظ نے اس سے قبل گزشتہ تینوں سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی اور اس سال وہ لاہور قلندرز کے کپتان مقرر کیے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے اپنی ٹیم کے دوسرے ہی میچ میں وہ زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

حفیظ کی غیرموجودگی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024