• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

زلمی نے یک طرفہ مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع February 17, 2019 اپ ڈیٹ February 18, 2019
اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندرز کی کپتانی کر رہے ہیں۔ — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر اکاؤنٹ
اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندرز کی کپتانی کر رہے ہیں۔ — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر اکاؤنٹ

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جارہے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے بہت فائدہ مند رہا۔

پشاور زلمی کے حسن علی ابتدا سے ہی لاہور قلندرز پر قہر بن کر برسے اور ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

حسن علی نے 14 کے مجموعے پر 6، 6 رنز بنانے والے فخر زمان اور سہیل اختر کو آؤٹ کیا، اس کے بعد 37 کے اسکور پر 14 رنز بنانے والے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

صرف 2 رنز بعد حسن علی نے برینڈن ٹیلر کو بھی بولڈ کرکے پویلین بھیج کر لاہور قلندرز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

حسن علی کے بعد وہاب ریاض لاہور قلندرز کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور جنہوں نے 3 وکٹیں لے کر 78 رنز پر لاہور قلندرز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے اوپننگ بلے باز کامران اکمل کو قلندرز کے شاہین آفریدی نے اپنی تیز باؤلنگ سے پریشان کیا اور انہیں صفر پر بولڈ کردیا۔

دوسرے اوور میں حارث رؤف نے دوسرے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے زلمی کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

ایسے میں عمر امین نے 61 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے پشاور کو ایونٹ کی پہلی کامیاب دلوائی۔

پشاور زلمی نے 79 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 11ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

لاہور قلندرز کے مستقل کپتان محمد حفیظ انجری شرکت نہیں کی جبکہ ان کی جگہ اے بی ڈی ویلیئرز ٹیم کی قیادت کے فرائض سنبھالے۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے۔

اپنے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف اپنے گزشتہ میچ میں 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024