• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی

شائع February 15, 2019
صحافتی برادری نے احتجاجاً وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کی— فائل فوٹو: اے پی پی
صحافتی برادری نے احتجاجاً وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کی— فائل فوٹو: اے پی پی

صحافتی برادری نے میڈیا ملازمین کی جبری برطرفیوں اور ورکرز دشمن اقدامات پر حکومت کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تینوں گروپس اور کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور کٹوتی جیسے اقدامات پر میڈیا مالکان کی حمایت اور خود حکومت کی جانب سے میڈیا ورکرز دشمن اقدامات کرنے پر وفاقی حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور نوکریوں سے نکالنے پر صحافیوں کا احتجاج

اس اقدام کے پہلے مرحلے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے کراچی پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

کراچی پریس کلب کے سیکریٹری جنرل ارمان صابر نے تمام اراکین اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے کراچی میں وفاقی حکومت کی تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اس موقع پر وفاقی حکومت بالخصوص وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے رویے پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے مختلف میڈیا اداروں میں صحافیوں کی جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے اور اس سلسلے میں چاروں صوبوں میں کئی مرتبہ احتجاج بھی کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیا ہاؤسز ورکرز کو تنخواہ دیں یا جیل جانے کو تیار ہوں، سپریم کورٹ

اس عرصے میں سیکڑوں کی تعداد میں صحافی اور میڈیا سے منسلک دیگر افراد اپنی نوکریوں سے جبری طور پر برطرف کر دیے گئے جبکہ ایک بڑی تعداد کام کرنے کے باوجود کئی ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہے۔

گزشتہ دنوں فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ اس طرح کی اطلاعات بھی آئی تھیں کہ لاہور پریس کلب بھی وفاقی وزیر اطلاعات کے داخلے پر پابندی کے اقدامات کرنے جارہا ہے۔

اس کے علاوہ صحافتی تنظیموں نے مختلف پریس کلبز میں کئی میڈیا ہاؤسز پر نیوز کانفرنس کی کوریج کرنے کی پابندی بھی لگادی تھی، گزشتہ دنوں متعدد وزرا اور اپوزیشن ارکان کی پریس کانفرنسز کے دوران مختلف نجی ٹی وی چینلز کے مائیک ہٹانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔

شیخ رشید کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ

دوسری جانب کراچی کے صحافیوں نے میڈیا اداروں سے جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ان اداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر فواد چوہدری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا۔

شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کرنے پہنچے تو صحافیوں نے ان کے آگے رکھے گئے تمام مائیک ہٹا لیے اور میڈیا ملازمین کے استحصال کے خلاف احتجاجاً پریس کانفرنس کا بائیکات کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024