• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اے ٹی ایم سے رقم چراتے ہوئے ایک چینی شہری گرفتار

شائع February 15, 2019
چینی شخص 12 جنوری کو پاکستان آیا تھا—فوٹو:شٹر اسٹاک
چینی شخص 12 جنوری کو پاکستان آیا تھا—فوٹو:شٹر اسٹاک

اسلام آباد پولیس نے اے ٹی ایم سے مبینہ طور پر رقم چوری کرتے ہوئے ایک چینی باشندے کو گرفتار کرلیا۔

’سن بِن‘ نامی شخص کو اسلام آباد کے علاقے ایف 7 مرکز میں قائم ایک نجی بینک کے سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑا جو مبینہ طور پر اپنے ساتھی کے ہمراہ بینک اے ٹی ایم سے رقم چرا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق واردات میں ملوث دوسرا چینی شہری لوٹی گئی رقم اور اس کے لیے استعمال کیے گئے آلات لے کر فرار ہوگیا۔

پولیس نے سن بِن کو حراست میں لے کر تھانہ کوہسار منتقل کردیا جہاں اس کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 380 کے تحت چوری کا مقدمہ درج کر کے لاک اپ منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم اسکیمنگ فراڈ کے حوالے سے مزید4 چینی باشندے گرفتار

بعد ازاں مذکورہ غیر ملکی کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اسے 2 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

تھانہ کوہسار کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) سب انسپکٹر عبدالرزاق نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں موجود بینک ہیڈ آفس کو الرٹ موصول ہوا کہ اے ٹی ایم مشین میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

جس کے بعد ہیڈ آفس سے ایف-7 میں موجود برانچ کے عملے کو مطلع کیا گیا جنہیں اے ٹی ایم بوتھ میں 2 افراد کی موجودگی کا علم ہوا۔

ایس ایچ او کے مطابق حراست میں لیا گیا چینی شہری 12 جنوری کو پاکستان آیا تھا اور اس نے اے ٹی ایم سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے کی رقم چرائی۔

یہ بھی دیکھیں: اے ٹی ایم فراڈ: چینی باشندوں سے متعلق اہم انکشاف

پولیس کے مطابق چینی سفارت خانے کو اس واردات سے آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ زیر حراست ملزم صرف چینی زبان بولتا ہے جس کے باعث پولیس کو تفتیش میں بہت مشکلات کا سامنا ہے۔

چنانچہ تفتیش میں معاونت کرنے کے لیے سینئر پولیس افسران کو مترجم فراہم کرنے کی درخواست بھیج دی گئی ہے۔


یہ خبر 15 فروری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024