• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

حکومتِ پنجاب نے نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

شائع February 15, 2019
سابق وزیر اعظم کو 7 فروری کو ہسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کیا گیا تھا—فوٹو: فیس بک
سابق وزیر اعظم کو 7 فروری کو ہسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کیا گیا تھا—فوٹو: فیس بک

لاہور: حکومتِ پنجاب نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو سینٹرل جیل لاہور سے جناح ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دے دی جہاں دیگر علاج کے ساتھ امراضِ قلب کے علاج کی سہولت موجود ہے۔

جس کے بعد جیل انتظامیہ نے سیکیورٹی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے سزا یافتہ قائد کو آج (جمعہ) کو ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔

69 سالہ نواز شریف کے قیام کی مدت تک کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہسپتال کے پرائیویٹ وارڈ کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے سابق وزیراعظم کو 5 روز تک سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد 7 فروری کو واپس کوٹ لکھ پت جیل لاہور منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیکل بورڈ کی نوازشریف کو امراضِ قلب کے ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز

نواز شریف کے طبی معائنہ کے لیے تشکیل دیے جانے والے تیسرے میڈیکل بورڈ نے سروسز ہسپتال میں ان کا معائنہ کرنے کے بعد متفقہ طور پر انہیں دل کے مختلف مسائل لاحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ان کی گزشتہ اور موجودہ طبی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے میڈیکل بورڈ نے تجویز دی تھی کہ ان کا علاج کسی ماہر امراضِ قلب سے کروایا جانا ضروری ہے۔

جس کے بعد قائدِ مسلم لیگ (ن) کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے حکومتِ پنجاب سے درخواست کی تھی کہ نواز شریف کو کسی ماہِر معالجِ قلب کی نگرانی میں ایسی جگہ رکھا جائیں جہاں ہر وقت طبی آلات اور سہولیات موجود ہوں۔

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ ’سابق وزیراعظم کی صحت کی سنجیدہ صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے درخواست کی گئی تھی کہ خصوصی میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر فوری طور پر عمل کیا جائے‘۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کا طبی معائنہ، ای سی جی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

اس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے ’کم سے کم وقت میں علاج کی غرض سے نیب کے سزا یافتہ ہائی پروفائل قیدی نواز شریف کو سینٹرل جیل سے جناح ہسپتال لاہور منتقل‘ کرنے کی اجازت دے دی۔

محکمہ داخلہ نے ان کی ہسپتال منتقلی اور زیر علاج رہنے کے دوران جناح ہسپتال میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔


یہ خبر 15 فروری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024