• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان سپر لیگ 2019 کا آغاز، شاندار افتتاحی تقریب

شائع February 14, 2019
افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا — فوٹو بشکریہ کراچی کنگز
افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا — فوٹو بشکریہ کراچی کنگز

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز کے ساتھ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگیا جہاں مقامی اور بین الاقوامی گلوکاروں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے۔

افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے لہو کو گرما دیا جس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے مختصر خطاب کیا۔

چیئرمین پی سی بی نے لیگ میں شامل تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایونٹ کے تمام براڈ کاسٹرز اور اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ایونٹ کے منعقد کیے جانے پر انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی مقبول ترین لیگوں میں سے ایک ہے اور شائقین کرکٹ بشمول پاکستانی عوام پی ایس ایل سے لطف اندوز ہوں گے۔

گزشتہ 3 سال کے دوران 3 کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہے گا جس کا اختتام 17 مارچ کو لیگ کی 2 بہترین ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ٹائٹل کے حصول کے لیے فائنل میچ سے ہوگا۔

اس خطاب کے بعد معروف بینڈ بونیم کی گلوکارہ مارشیابیرٹ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور ماضی کا سپر ہٹ گانا ’ڈیڈی کول‘ پیش کیا۔

ان کے بعد پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے اپنی شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے لیجنڈ گلوکارہ نازیہ حسن کا مقبول ترین سانگ ’ڈسکو دیوانے‘ پیش کیا جبکہ ان کے ہمراہ گلوکار شجاع حیدر بھی موجود تھے۔

بعدازان دنیا کے مقبول تین راک بینڈز میں شمار ہونے والے جنون گروپ نے اپنی پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کا لہو گرما دیا جب انہوں نے معروف ملی نغمہ ’جذبہ جنون‘ پیش کیا۔

فواد خان نے پی ایس ایل 2019 کا ٹائٹل سانگ پیش کیا جسے اسٹیڈیم میں موجود تماشائی یک زبان ہوکر گاتے رہے۔

تقریب میں جاری پرفارمنس کے ساتھ ہی پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیمیں ایک ساتھ گروپ کی شکل میں میدان میں پہنچیں۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریب کے اختتام پر شاندان آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ امریکی گلوکار پٹ بل کو بھی اس تقریب میں شرکت کرنی تھی تاہم ذاتی وجوہات کی بنا پر انہوں نے ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پٹ بل نے بیغام دیا کہ وہ پرواز میں فنی خرابی کے باعث پی ایس ایل 2019 کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا معذرت خوانہ انداز میں بتایا کہ طویل فضائی کے بعد پائلٹس نے طیارے کی ایک ٹیسٹ اڑان بھری تو لینڈ کرنے کے بعد ہی اس کے انجن میں سے پُرزے نکلنے گے جس کی وجہ سے ان کے سفر میں مزید تاخیر ہوئی۔

پٹ بل کا مزید کہنا تھا کہ وہ آئندہ برس یا پھر کسی بھی موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تقریب میں پرفارمنس کے لیے مدعو کیے جانے پر دستیاب ہوں گے۔

تقریب کے دوران یو اے ای کے وزیر نہیان بن مبارک النہیان سمیت اماراتی حکام نے بھی شرکت کی۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن کا آغاز آج (14 فروری) سے دبئی کے بین الاقوامی اسٹیڈیم دبئی اسپورٹس سٹی سے ہوا۔

پی ایس ایل 2019 میں 6 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گے اور ایونٹ میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس مرتبہ پاکستان میں پی ایس ایل کے 8 میچز منعقد کیے جارہے ہیں جن میں 3 میچز لاہور میں جبکہ کراچی میں فائنل سمیت 5 میچز کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024