• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

پی ایس ایل میں کارکردگی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ دلاسکتی ہے، آرتھر

شائع February 13, 2019 اپ ڈیٹ February 14, 2019
مکی آرتھر نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز سے بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
مکی آرتھر نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز سے بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مقامی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بہترین کارکردگی دکھانے پر ورلڈ کپ 2019 کے لیے منتخب کرنے کا عندیہ دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر نے کہا کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے پر کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل نے ماضی میں باصلاحیت کھلاڑیوں کو متعارف کروایا ہے اور مجھے اس سیزن میں بھی مزید کی امید ہے’۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ ہم ایک اور نام حاصل کرپائیں گے جن کو ٹیم میں شامل کرسکیں، اگر ان مقابلوں میں کوئی کھلاڑی واقعی بہتر کارکردگی دکھاتا ہے تو ہوسکتا ہے اس کو ہم کارآمد بنائیں، ٹورنامنٹ بہت اچھا ہے جہاں سے ہمیں ہر دفعہ کوئی ایک کھلاڑی مل جاتا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کی تیاریوں میں دیگر ٹیموں سے آگے ہیں، آرتھر

خیال رہے کہ مکی آرتھر خود پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کی کوچنگ کررہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنی آنکھیں ہمیشہ کھلی رکھوں گا اور بالخصوص اس سیزن سے مزید ٹیلنٹ چھاننے کے لیے پرعزم ہوں’۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مشہور کوچ نے ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کی کارکردگی سے مثبت توقعات وابستہ کر رکھی ہیں، تاہم انہوں نے دیگر ٹیموں کے حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا اور کہا کہ تمام ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے لیے ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ‘صبر کریں، بہت جلد پی ایس ایل پاکستان میں ہو گا‘

مکی آرتھر نے کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ ٹرافی ہم جیتیں گے لیکن دیگر پانچ دیگر ٹیمیں بھی موجود ہیں تو ہم دیکھیں گے اور ہم اپنے میچ کے روز اپنی طرف سے بہترین کارکردگی دکھائیں گے’۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے سیزن کا آغاز 14 فروری کو متحدہ عرب امارات میں رنگارنگ تقریب کے بعد ہوگا اور پہلے میچ میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو مرتبہ اور پشاور زلمی نے ایک مرتبہ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھیں۔

پی ایس ایل میں ابتدائی طور پر 5 ٹیمیں شامل تھیں تاہم گزشتہ برس ملتان سلطانز کے نام سے ایک ٹیم کا اضافہ کیا گیا تھا اور رواں سیزن میں سابق کپتان شعیب ملک اس کی قیادت کریں گے اور مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024