• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نئی دہلی: ہوٹل میں آتشزدگی سے 17 افراد ہلاک

شائع February 12, 2019
آتشزدگی سے ہوٹل کی بالائی منزل کو نقصان پہنچا — فوٹو: اے پی
آتشزدگی سے ہوٹل کی بالائی منزل کو نقصان پہنچا — فوٹو: اے پی

بھارت کے شہر نئی دہلی کے گنجان آباد وسطی علاقے میں قائم آرپٹ ہوٹل میں آگ لگنے سے ایک بچے سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔

واقعے کی تصاویر میں ہوٹل کی بالائی منزل کو مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں دیکھا گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فائر بریگیڈ حکام سنیل چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ہسپتال حکام سے تصدیق کی ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 17 ہے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے‘۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاتون اور ایک بچہ ہوٹل کی کھڑکی سے کود کر اپنی جان بچانے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔

دہلی کے فائر بریگیڈ کے ڈائریکٹر جی سی مشرا کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ہے اور آپریشن کے دوران 35 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

ایک اور فائر آفیسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہوٹل کے کوریڈور میں میں لکڑی کے پینل لگے تھے جس کی وجہ سے لوگوں کو باہر نکلنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

گزشتہ رات لگنے والی آگ پر صبح سویرے 25 فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے قابو پایا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں حفاظتی اقدامات کی ناقص صورتحال کے پیش نظر اکثر آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر 2018 کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

2017 میں بھی ممبئی کے ایک معروف ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024