• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی

شائع February 11, 2019
سرکاری حج اسکیم کو 60 فیصد اور نجی اسکیم کو 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے—فائل/فوٹو:اے پی
سرکاری حج اسکیم کو 60 فیصد اور نجی اسکیم کو 40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے—فائل/فوٹو:اے پی

وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019 جاری کردی جس کے مطابق رواں برس سعودی حکومت نے 5 ہزار اضافی عازمین کی اجازت دی ہے جس کے بعد ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی حج ادا کرنے جاسکیں گے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق سعودی حکومت نے 5 ہزار افراد کا اضافی کوٹہ دیا ہے، اس لیے رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 کے بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 عازمین حج کرنے جائیں گے۔

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سرکاری حج اسکیم کو 60 فیصد اور نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد کوٹہ مختص کر دیا گیا ہے جس کے تحت درخواستیں 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول کی جاسکیں گی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج کے لیے جائیں گے۔

سعودی حکومت کی جانب سے دیے گئے اضافی کوٹے کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 5 ہزار کا اضافی کوٹہ نجی نئے رجسٹرڈ، نان کوٹہ ہولڈرز کمپنیوں کو دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:آئندہ چند برس میں حج کے اخراجات میں مزید اضافے کا امکان

پالیسی میں مفت حج کا کسی کو موقع نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شمالی ریجن کے لیے 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے کا پیکج ہوگا جس میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کوٹہ کے لیے جنوبی ریجن میں کوئٹہ، کراچی اور سکھر شامل ہیں جس کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے کا پیکج ہوگا۔

نئی حج پالیسی کے تحت 15 ستمبر 2017 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے تحت شمالی حج پیکج میں بچوں کا 12 ہزار 910 روپے اور جنوبی حج پیکج میں 11 ہزار 910 روپے ہوگا۔

حج کے دوران قربانی کے اخراجات کو اختیاری رکھا گیا ہے جس کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ ہوں گے، جبکہ 80 سال عمر سے زائد افراد کے لیے بمعہ محرم 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس کے لیے درخواستیں 10 ہزار سے زائد موصول ہونے پر انتخاب سینیارٹی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ریاست مدینہ کا مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرایا جائے، وزیر مذہبی امور

وزارت مذہبی امور نے گزشتہ 3 سال سے مسلسل ناکام درخواست گزاروں کے لیے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا ہے جن کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا اور ناکام درخواست گزاروں کو عمومی قرعہ اندازی میں بھی شامل کرکے کامیابی ہونے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔

نئی پالیسی کے مطابق 2014 سے 2018 کے دوران حج کرنے والے حاجی رواں سال دوبارہ حج ادا کرنے کے اہل نہیں ہوں گے جبکہ عازمین کو پی آئی اے، سعودی ائیر لائن اور ائیربلیو کے ذریعے حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔

روڑ ٹو مکہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر کراچی میں حاجیوں کی امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی کرلی جائے گی اور یہ تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں اگلے برس دیگر پورٹس میں بھی یہ سہولت دی جائے گی۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے نئی حج پالیسی میں گزشتہ برس کے اخراجات 2 لاکھ 80 ہزار کے مقابلے میں رواں برس کی پالیسی میں 63 فیصد یعنی ایک لاکھ 76 ہزار 426 روپے اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

حکومتی حج پالیسی کے اعلان کے بعد اپوزیشن کی جانب سے سخت رد عمل آیا تھا اور یہ معاملہ ایوان بالا (سینیٹ) تک جا پہنچا تھا، جہاں اپوزیشن نے ان اخراجات کو مسترد کرتے ہوئے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024