• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ون ڈے سیریز: پاکستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کوشکست دے دی

شائع February 11, 2019 اپ ڈیٹ February 15, 2019
سیریز جیتنے کے بعد پاکستان وومن ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ فاتحانہ انداز— تصویر بشکریہ پی سی بی
سیریز جیتنے کے بعد پاکستان وومن ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ فاتحانہ انداز— تصویر بشکریہ پی سی بی

پاکستان ویمن ٹیم نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی اور سدرہ امین کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے ئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز وومن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ایک رنز پر کائشیا نائٹ کی وکٹ گرنے کے بعد دیندرا ڈوٹن نے کپتان اسٹیفنی ٹیلر کے ہمراہ مل کر اسکور کو 35 تک پہنچایا جس میں ڈوٹن کا حصہ 28رنز کا رہا لیکن اسی اسکور پر رن آؤٹ ہو کر ڈوٹن پویلین لوٹ گئیں۔

نصف سنچری بنانے والی ویسٹ انڈین کپتان ٹیلر اور شمین کیمبل نے 52رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور 87 تک پہنچایا ہی تھا کہ کیمبل کی 26 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور ایفی فلیچر کے سوا ٹیل اینڈرز میں سے کوئی بھی بلے باز وکٹ پر سنبھل کر بیٹنگ نہ کر سکی۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 48ویں اوور میں 159 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، اسٹیفنی ٹیلر نے 52 اور فلیچر نے 23رنز بنائے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان وومن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو خصوصی شیلڈ پیش کر رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ پی سی بی
قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان وومن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو خصوصی شیلڈ پیش کر رہے ہیں— فوٹو: بشکریہ پی سی بی

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور نشرہ سندھو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سدرہ امین اور ناہیدہ خان نے پاکستان کو 32رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا جس کے بعد ناہیدہ پویلین لوٹ گئیں۔

سدرہ نے جویریہ خان کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 44رنز جوڑے جس کے بعد جویریہ خان 24 رنز بنانے کے بعد ٹیلر کو وکٹ دے بیٹھیں جبکہ کپتان بسمہ معروف بھی 5رنز بنا سکیں۔

82رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد سدرہ امین کا ساتھ دینے ندا ڈار آئیں اور دونوں کھلاڑیوں نے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو جیت کی راہ پر گامزن کیا، سدرہ 52رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹیں جبکہ عالیہ ریاض 5 رنز بنا سکیں۔

اس کے بعد ثنا میر اور کائنات مرزا نے بغیر کسی نقصان کے ہدف تک رسائی حاصل کر کے پاکستان کو میچ میں 4وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرادیا۔

اس میچ میں فتح کی بدولت سیریز کا پہلا میچ ہارنے والی پاکستانی ویمن ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ سدرہ امین کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024