• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

'وزیراعلیٰ سے اختلافات'، آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کا تبادلہ

شائع February 9, 2019
ذرائع کے مطابق صلاح الدین محسود کو وزیراعلیٰ سے اختلافات کے بعد تبادلہ کیا گیا — فائل فوٹو/ ڈان نیوز
ذرائع کے مطابق صلاح الدین محسود کو وزیراعلیٰ سے اختلافات کے بعد تبادلہ کیا گیا — فائل فوٹو/ ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد صوبے کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس صلاح الدین خان محسود کا تبادلہ بھی کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تبادلوں اور تقریروں کے لیے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد نعیم خان کو خیبرپختونخوا کے نئے آئی جی تعینات کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس سروس گریڈ 21 کے افسر آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ محمد نعیم خان کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کی اپنے دوروں کے دوران سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت

اس سے قبل محمد نعیم خان پولیس سروس گریڈ 22 کے افسر اور آئی جی آزاد کشمیر تعینات تھے جبکہ ان کی جگہ صلاح الدین محسود کو آئی جی آزاد کشمیر تعینات کیا گیا ہے۔

نوید کامران بلوچ — فوٹو: ڈان نیوز
نوید کامران بلوچ — فوٹو: ڈان نیوز

ذرائع کے مطابق کچھ سرکاری امور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ اختلافات کے باعث وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا کو عہدوں سے ہٹایا۔

اس سے قبل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس گریڈ 22 کے افسر چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نوید کامران بلوچ کو عہدے سے ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ نوید کامران بلوچ کو جون 2018 میں نگران حکومت نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعینات کیا تھا۔

وفاقی حکومت نے ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس گریڈ 21 کے افسر محمد سلیم کو نیا چیف سیکریٹری تعینات کردیا، جو اس سے قبل بھی اسی صوبے میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صلاح الدین محسود آئی جی پی خیبر پختونخوا مقرر

واضح رہے کہ محمد سلیم 30 اکتوبر 2019 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

اس کے علاوہ وفاقی حکومت نے چیف سیکریٹری آزاد کشمیر گریڈ 21 کے افسر خواجہ داؤد احمد کو بھی تبدیل کرتے ہوئے انہیں 3 سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کردیا۔

ان کی جگہ مظہر نیاز رانا کو آزاد کشمیر کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا، وہ اس سے قبل ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار تعینات تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024