وزیر اعلیٰ بلوچستان کوئٹہ میں پی ایس ایل میچ کے انعقاد کے خواہشمند
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں انعقاد کی خواہش ظاہر کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین احسان مانی کو لکھے گئے خط میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ میں انٹرنیشنل میچ کا انعقاد ہوئے کافی وقت بیت چکا ہے۔ بلوچستان کے عوام امن دوست اور کھیلوں سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔ یہ ان کی شدید خواہش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے اختتامی میچز میں سے ایک کا انعقاد کوئٹہ میں کیا جائے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم ہزاروں عوام کو اپنے اندر سمونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ کوئٹہ اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اچھی ہے اور یہ عوام کو قومی اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے دیکھنے کا بوجھ برداشت کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ اپنے جوش و جذبے اور کھیل سے محبت کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
ان کا احسان مانی سے خط میں مزید کہنا تھا کہ اگر وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے پی ایس ایل 2019 کے اختتامی میچز میں سے ایک کا کوئٹہ میں انعقاد ممکن بناتے ہیں تو ان کا صوبہ ان میچز کے بہترین طریقے سے انعقاد میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
مزید پڑھیں: غیر ملکی کھلاڑیوں کی پی ایس ایل سے وابستہ خوشگوار یادیں
جام کمال خان نے پی سی بی چیئرمین کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان اس ایونٹ کو کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے ایک یادگار ایونٹ بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں صرف کر دے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا اور افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔