فاف ڈیوپلیسی کا آرام، ڈیوڈ ملر دوسرے میچ کیلئے جنوبی افریقی کپتان مقرر
جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے مستقل کپتان فاف ڈیوپلیسی آرام کی غرض سے پاکستان کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلیں گے۔
فاف ڈیوپلیسی کی غیر موجودگی میں جنوبی افریقہ کی موجودہ ناتجربہ کار ٹیم کی قیادت پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے مین آف دی میچ ڈیوڈ ملر کریں گے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب ڈیوڈ ملر کسی بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
فاف ڈیوپلیسی نے ورلڈ کپ سے قبل دیگر کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے میزبان ٹیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ادھر پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی فٹ ہوگئے ہیں اور ممکنہ طور پر دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کو جنوبی افریقہ سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست
محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کی صورت میں ممکنہ طور پر حسین طلعت کو ٹیم سے ڈراپ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست سے دوچار ہوا تھا۔
اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی مسلسل 9 جبکہ ہدف کے تعاقب میں مسلسل 11 فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا تھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز میں رہنے کے لیے پاکستان کو کل جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح حاصل کرنی ہوگی۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست ہے۔