• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:40pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 4:46pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:40pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 4:46pm

قطر فٹ بال کا ایشین چمپیئن بن گیا

شائع February 1, 2019
قطر پہلی مرتبہ ایشین چمپیئن بنا—فوٹو:اے ایف پی
قطر پہلی مرتبہ ایشین چمپیئن بنا—فوٹو:اے ایف پی
قطر نے ایشین کپ کے فائنل میں ریکارڈ4 مرتبہ کی چمپیئن ٹیم جاپان کو شکست دی—فوٹو:اے پی
قطر نے ایشین کپ کے فائنل میں ریکارڈ4 مرتبہ کی چمپیئن ٹیم جاپان کو شکست دی—فوٹو:اے پی

قطر نے متحدہ عرب امارات میں تماشائیوں کی جانب سے بدترین استقبال کے باوجود میزبان ٹیم کو سیمی فائنل میں عبرت ناک شکست کے بعد فائنل میں جاپان جیسی مضبوط ٹیم کو 3-1 سے پچھاڑ کرپہلی مرتبہ فٹ بال کا ایشین چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ابو ظہبی میں کھیلے گئے ایشین کپ کے فائنل میں قطر کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور جاپان جیسی برق رفتار ٹیم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔

قطری ٹیم سے تماشائیوں نے بدتمیزی بھی کی—فوٹو:اے ایف پی
قطری ٹیم سے تماشائیوں نے بدتمیزی بھی کی—فوٹو:اے ایف پی

سوڈانی نژاد اسٹرائیکر المعیز علی نے پہلا گول کیا جس کے بعد عبدالعزیز حاتم نے دوسرا اور اکرم عفیف نے تیسرا گول کرکے متحدہ عرب امارات میں بدترین مخالف تماشائیوں کے سامنے اپنی ٹیم اور شائقین کو سرخرو کردیا۔

مزید پڑھیں:ایشین کپ فٹبال: عرب امارات میں قطری ٹیم پر جوتوں کی بارش

جاپان کی جانب سے واحد گول تیکومی مینامینو نے میچ کے 69 ویں منٹ میں کیا، جاپان کے گول کے بعد قطر کے لیے خطرات کے بادل منڈلائے ضرور تھے لیکن میچ کے 83 منٹ میں اکرم عفیف کے گول نے اس خطرے کو ٹال دیا۔

قطر کے کھلاڑی المعیز علی نے ایشیا کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 9 گول کرنے کا ریکارڈ بھی بنالیا جبکہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے ان کے خلاف احتجاج کیا تھا تاہم میچ سے قبل ہی انہیں اہل قرار دیا گیا تھا۔

المعیز علی نے علی داعی کا ریکارڈ توڑ دیا—فوٹو: اے ایف پی
المعیز علی نے علی داعی کا ریکارڈ توڑ دیا—فوٹو: اے ایف پی

قبل ازیں یہ ایران کے علی داعی نے 1996 کے ایشین کپ میں 8 گول کرکے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بنا دیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی ٹیم انتظامیہ نے المعیز علی اور عراقی نژاد بسام علی راوی کی اہلیت پر باقاعدہ شکایت درج کرادی تھی۔

قطر کی فٹ بال کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ قومی ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا اس سے قبل کوارٹر فائنل سے آگے نہیں جاسکی تھی۔

دوسری جانب جاپان نے ریکارڈ 4 مرتبہ ایشین کپ جیتا اور فائنل میں کبھی شکست نہیں ہوئی تھی، جاپان 2011 میں آخری مرتبہ ایشین چمپیئن بنا تھا۔

جاپان کو ایشین کپ میں قطر سے پہلی اور واحد شکست 31 برس قبل ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ 30 جنوری کو قطر اور میزبان متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل میں تماشائیوں کی جانب سے قطری کھلاڑیوں پر چپل اور جوتے پھینکے جانے پر خاصی بدمزگی ہوئی تھی تاہم مہمان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور میچ بھی باآسانی جیت گئی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Zahid Husain Feb 02, 2019 02:44pm
Bravo Qatar.... Keep up the good work till FIFA 2022 at your home soil....

کارٹون

کارٹون : 15 اپریل 2025
کارٹون : 14 اپریل 2025