• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عثمان بزدار میں ایسا کیا تھا جو انہیں وزیر اعلیٰ بنادیا، بلاول بھٹو

شائع February 1, 2019
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے — فوٹو : ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے — فوٹو : ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار میں ایسا کیا تھا جو انہیں وزیر اعلیٰ بنادیا۔

کندھ کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے لیے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف میں بہت سے امیدوار تھے عثمان بزدار آخری وقت میں آئے، ان میں ایسا کیا تھا کہ انہیں وزیر اعلیٰ بنادیا۔

مزید پڑھیں: اٹھارویں ترمیم کی بقا کیلئے لانگ مارچ کرنے کو تیار ہوں، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ وزیر اعظم سندھ آرہے ہیںم وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں امید ہے سندھ کے عوام کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو سلیکٹڈ وزیراعظم ہوتے ہیں عوام کو ان کا حق نہیں دیتے، ان کے مسائل کو حل نہیں کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا کے خلاف سازش کی جارہی ہے یہ آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر سوچا سمجھا حملہ ہے،بدقسمتی سے ہماری وفاقی حکومت بھی اس سازش کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس حکومت نے نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا تھا، اس نے آتے ہی ہر صنعت اور ہر شعبے میں لوگوں کو بیروزگار کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے جو بھی کہا وہ جھوٹ ہی نکلا ہے، عمران خان پارلیمانی نظام کے وزیراعظم ہیں اور صدارتی نظام کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر آئینی ترمیم سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اٹھارویں ترمیم پر عمل نہیں کررہا، تحریک انصاف کے وزیر اٹھارویں ترمیم کے خلاف بات کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے 100 روز کو 'یو ٹرن' قرار دے دیا

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ صوبہ سندھ کے صحت کے اداروں کو چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اس سلسلے میں قانونی اور سیاسی آپشنز استعمال کرے گی، ہم اٹھارویں ترمیم پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ ملک میں صرف ایک قوت ہے اور وہ عوام ہے ، سیاست میں عوام کی مرضی چلتی ہے، کرکٹ میں امپائر کی مرضی چلتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ بجٹ میں 90 ارب روپے کم کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے ترقیاتی کام کو نقصان پہنچے گا، یہ جانتے ہیں کہ ہمیں الیکشن میں شکست نہیں دے سکتے، اس لیے جعلی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کرکے ہمارے خلاف سازش کی جاتی ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

Azhar ali Feb 01, 2019 05:02pm
corrupt nahi hy
Akhtar Zaman Feb 01, 2019 05:26pm
بلاول صاحب ذرا یہ بتا دیں کہ ان میں ایسا کیا ہے کہ انہیں چئرمین پی پی پی بنا دیا گیا یا آصف زرداری میٹرک پاس میں ایسا کیا تھا کہ انہیں صدر بنا دیا گیا.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024