ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ
اسلام آباد: ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا۔
وزارت اوورسیز پاکستانیوں اور ترقی انسانی وسائل کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ای او بی آئی پنشنرز کی کم سے کم پنشن 20 فیصد اضافے کے بعد 6 ہزار 500 روپے مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پنشن میں اضافے کا اطلاق یکم ستمبر 2018 سے ہو گا۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ای او بی آئی پینشن کیس: ‘حکومت 2 ارب 40 کروڑ روپے واپس کرے‘
قبل ازیں دسمبر میں وفاقی حکومت نے ای او بی آئی پنشنرز کی پینشن میں اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی تھی۔
وزارت خزانہ نے ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی، تاہم وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیوں ذوالفقار بخاری نے مزید 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کی ای او بی آئی بورڈ نے باقاعدہ منظوری بھی دی تھی۔