سردی میں جسم اور جلد کا کیسے خیال رکھیں؟
خشک جلد، بدن پر خارش، بے رنگ ہونٹ، بے جان بال، پھٹی ایڑیاں اور دکھتی انگلیاں، یہ سب ایسے مسائل ہیں، جن سے سردیوں میں متعدد انسان متاثر نظر آتے ہیں۔
اگر مسائل پر بر وقت قابو پا لیا جائے تو معاملہ سنگین صورت اختیار نہیں کرتا، تاہم کئی افراد کو اس بات کا درست اندازہ یا علم ہی نہیں ہوتا کہ ایسے مسائل پر کیسے قابو پایا جائے۔
ماہرین صحت کے مطابق یہ تمام مسائل یا امراض بنیادی طور پر پانی کے انتہائی کم استعمال کی وجہ سے ہوتے ہیں، کیوں کہ سردیوں میں عمومی طور پر گرمیوں کی نسبت کم پانی استعمال کیا جاتا ہے اور اس کی وجہ بھی قدرتی ہے کیونکہ ہمارے جسم کو سردیوں میں کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ جسم میں پانی کی کمی، خشک اور سرد ہوائیں انسانی جلد پر برا اثر ڈالتی ہیں، جس کے نتیجے میں انسان کو سردیوں کے عمومی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرد موسم سے جڑے ان چھوٹے بڑے مسائل کے نہایت مؤثر اور انتہائی سستے حل موجود ہیں۔
اگر سردیوں میں یومیہ 15 سے 20 منٹ کا وقت نکال کر گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے ہی اپنی ذات کے تحفظ کے لیے کوششیں کی جائیں تو ان مسائل پر با آسانی قابو پایا جا سکتا ہے۔
ہم اس مضمون میں آپ کو چند ایسے آزمودہ ٹوٹکے بتا رہے ہیں، جن سے آپ سردیوں کے موسم میں اپنی جلد اور جسم میں ہونے والی تبدیلیوں اور مسائل پر قابو پاسکیں گے۔
پاؤں کی فنگس سے چھٹکارہ
سخت سردی کے موسم میں موٹے یا اونی موزے پہننا سب کی مجبوری ہے، اونی موزے زیادہ تر افراد میں پاؤں کی فنگس کا سبب بنتے ہیں اور وکس ویپورب اس کا بہترین علاج ہے۔
چند دن تک روزانہ رات کو سونے سے پہلے وکس کی تھوڑی مقدار پاؤں اور پاؤں کے ناخنوں پر ہاتھوں سے مل لینے سے یہ مسئلہ بہت جلد ختم ہو سکتا ہے۔
نرم و نازک صحت مند انگلیاں
سرد اور خاص طور پر خشک سردی ہاتھوں کی انگلیوں پر بھی برا اثر ڈالتی ہیں۔ بار بار ٹھنڈے پانی میں ہاتھ ڈالنے سے انگلیوں کی جلد پھٹ جاتی ہے اور انگلیاں سوج جاتی ہیں، ان پر ناقابل برداشت خارش محسوس ہونے لگتی ہے، اس مسئلے سے بچنے کے لیے اگر چند دنوں تک کسی اچھی کمپنی کی ہونٹوں پر لگانے والی بام انگلیوں پر لگائی جائے تو انگلوں کی تکلیف دور ہوجاتی ہے اور وہ دوبارہ نہیں پھٹیں گی۔
چہرے کو چمکدار بنائیں
چہرے کی جلد کے ماہرین کے مطابق اگر 3 چمچ دہی میں 2 چمچ سیب کا سرکہ اور 3 چمچ کوٹا ہوا تازہ سبز دھنیا ڈال کر پھیسٹ بنا کر اس کے آمیزے کو چہرے پر ماسک کی طرح لگایا جائے تو رنگت نہ صرف چمکدار ہوگی بلکہ اس میں نکھار بھی آئے گا۔
جسم میں قدرتی نمی کو برقرار رکھنے کا طریقہ
بعض افراد کو سردی سے سخت نفرت ہوتی ہے کیوں کہ ان کا جسم سردی میں خشک ہوجاتا ہے، اس وجہ سے ان کے جسم میں ہلکی سے خارش اور تپش ہونے لگتی ہے، ماہرین جلد کے مطابق اگر سردی میں غسل کے بعد بکری کے دودھ سے حاصل شدہ مکھن سے مساج کیا جائے تو قدرتی نمی جلد میں موجود رہتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بکری کے دودھ سے تیار مکھن میں موجود یوریا انسانی جلد سے مردہ خلیوں کو اتارنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس سے انسانی جسم سے خشکی دور ہوجاتی ہے۔
سردی میں ہونٹوں کی حفاظت
سردی میں جہاں پانی کے کم استعمال کی وجہ سے انسان کے جسم کے دیگر حصے متاثر ہوتے ہیں، وہیں ہونٹ بھی اس کا نشانہ بنتے ہیں، زیادہ تر افراد اور خصوصی طور پر خواتین کے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور ان کی رنگت پھیکی پڑجاتی ہے، تاہم اگر کاٹن کے کپڑے کو بھگو کر اس سے ہونٹوں کا مساج کیا جائے تو ان کی نزاکت برقرار رہے گی اور اگر کاٹن کا کپڑا گلابی لیا جائے تو اس سے ہونٹوں پر گلابی رنگت بھی نمایاں ہوگی۔
مریم افتخار، فارمن کرسچین کالج یونیورسٹی میں بی ایس کی طالبہ ہیں۔ علم و ادب سے لگاؤ کے علاوہ نت نئی تراکیب آزمانا اور مختلف موضوعات پر لکھنا ان کے پسندیدہ مشاغل ہیں۔ ان سے ان کے ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔