گلوکارہ گل پانڑہ پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ گل پانڑہ بطور برانڈ ایمبیسڈر پشاور زلمی، زلمی فاؤنڈیشن اور گلوبل زلمی کی نمائندگی کریں گی۔
واضح رہے کہ گل پانڑہ صرف پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا ہی میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں اپنی گلوکاری کی وجہ سے معروف ہیں۔
گلوکارہ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پشاور زلمی، زلمی فاؤنڈیشن اور گلوبل زلمی کے لیے بطور ریجنل برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی گل پانڑہ زلمی فاؤنڈیشن کے تحت خواتین کو خود مختار بنانے سے متعلق کارروائیوں کا حصہ بھی ہوں گی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے گل پانڑہ کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیے جانے کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'گل پانڑہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے پشاور زلمی کی حمایت کررہی ہیں'۔
گل پانڑہ کی جانب سے بھی پشاور زلمی کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ 'میں اُمید کرتی ہوں کہ ٹیم چوتھے ایڈیشن میں بھی اچھا کھیل پیش کرے گی اور زلمی کے مداحوں کی حمایت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرے گی'۔
اس کے علاوہ گلوکارہ نے زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی جانب سے مدرسہ لیگ، زلمی اسکول لیگ اور زلمی آزادی کپ کے انعقاد جیسے اقدامات کو بھی سراہا۔
پشاور زلمی میڈیا سیل کے مطابق گل پانڑہ نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے لیے ترانہ گایا تھا جبکہ وہ چوتھے ایڈیشن کے لیے بھی زلمی ترانہ جاری کریں گی۔