• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

51 فیصد پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی سے مطمئن، سروے

شائع January 26, 2019 اپ ڈیٹ January 27, 2019
عمران خان نے 18 اگست 2018 کو وزیراعظم کا منصب سنبھالا—فائل/فوٹو:ڈان
عمران خان نے 18 اگست 2018 کو وزیراعظم کا منصب سنبھالا—فائل/فوٹو:ڈان

گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کی سروے میں شامل ایک ہزار 141 افراد میں سے 51 فیصد نے وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی کے حق میں ووٹ دیا۔

گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے مطابق سروے میں ایک ہزار 141 افراد سے سوال پوچھا گیا تھا کہ ‘وزیراعظم کی 2018 میں انتخابات میں کامیابی کے بعد اب تک کی مجموعی کارکردگی پر آپ کی کیا رائے ہے’۔

سروے کے نتائج کے مطابق 38 فیصد افراد نے وزیراعظم کی کارکردگی کو ‘اچھا’ قرار دیا جبکہ 13 فیصد افراد کی رائے تھی کہ وزیراعظم کی کارکردگی ‘بہت اچھی’ ہے۔

سروے میں شامل افراد میں سے مجموعی طور پر 51 فیصد نے وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جنہوں نے 25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں کامیابی کے بعد 18 اگست 2018 کو وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:100 روزہ کارکردگی: قومی خزانے کو 3 ارب 72 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا، مراد سعید

وزیراعظم کی کارکردگی پر غیرمطمئن افراد کی تعداد 46 فیصد رہی، سروے میں 26 فیصد افراد نے عمران خان کی کارکردگی کو ‘خراب’ قرار دیا، اسی طرح 20 فیصد کی نظر میں وزیراعظم کی کارکردگی ‘بہت خراب’ ہے جبکہ 3 فیصد افراد نے جواب دینا 'نہیں چاہا' یا پھر 'نہیں معلوم' کا جواب دیا۔

شہری علاقوں کے افراد نے سروے میں بتایا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے دور سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

سروے میں شامل شہری افراد میں سے 15 فیصد کا خیال تھا کہ عمران خان کی کارکردگی اب تک بہت اچھی ہے، 44 فیصد نے کہا کہ اچھی ہے جبکہ 23 فیصد نے ‘خراب’ قرار دیا، 16 فیصد نے ‘بہت خراب’ اور 2 فیصد نے یا تو 'جواب نہیں دیا' پھر کہا کہ 'ہمیں معلوم نہیں' ہے۔

مزید پڑھیں:’وفاقی حکومت کی کارکردگی صفر نظر آرہی ہے‘

دیہی علاقوں کے رہائشیوں میں سے 12 فیصد نے وزیراعظم کی کارکردگی کو بہت اچھا قرار دیا، 35 فیصد افراد نے کہا کہ ان کی کارکردگی اچھی ہے جبکہ 27 فیصد افراد نے خراب اور 22 فیصد نے بہت خراب سے تعبیر کیا، تاہم 4 فیصد نے یا تو جواب نہیں دیا یا پھر کہا کہ ہمیں معلوم نہیں ہے۔

سروے میں شامل افراد کے جوابات کو عمر کے لحاظ سے جانچا جائے تو 30 سال سے کم عمر کے 65 فیصد افراد نے عمران خان کی کارکردگی کے حق میں ووٹ دیا۔

وزیر اعظم کی کارکردگی 50 سال سے بڑی عمر کے افراد کے لیے کسی طرح بھی اچھی نہیں ہے، کیونکہ اس عمر کے 51 فیصد افراد نے عمران خان کی کارکردگی کو یا تو ‘خراب’ یا ‘بہت خراب’ سے تعبیر کیا۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کے 100 روز: ایندھن، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

یاد رہے کہ 25 جولائی 2018 کو منعقدہ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاق کے علاوہ خیبر پختونخوا (کے پی)، پنجاب اور کراچی میں دیگر جماعتوں پر واضح برتری حاصل کی تھی۔

پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ ووٹ پڑے تھے تاہم کاسٹ ہونے والے 5 کروڑ 30 لاکھ ووٹوں میں سے حکمراں جماعت کو مجموعی طور پر تقریباً 32 فیصد ووٹ پڑے تھے۔

انتخابات میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی نے مرکزی حکومت بنائی تھی اور سندھ کے علاوہ دیگر تینوں صوبوں میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت تشکیل دی تاہم کے پی میں انہیں حکومت بنانے کے لیے اتحادیوں کی ضرورت نہیں پڑی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024