• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

آصف زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا، شیخ رشید

شائع January 26, 2019
شیخ رشید کے مبطابق پی اے سی کے معاملے پر وہ  سپریم کورٹ جارہے ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید کے مبطابق پی اے سی کے معاملے پر وہ سپریم کورٹ جارہے ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریف چیئرمین آصف علی زرداری کے کیس مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہیں، آصف زرداری کو اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچا سکتی۔

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں لیکن شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے، جو لوگ مالیاتی بحران پیدا کرنے والے ہیں کیا وہ لوگوں کا احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا اتحادی ہوں، تاہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے معاملے پر میں سپریم کورٹ جارہا ہوں اور میں نے وزیر قانون فرغ نسیم کو لکھے گئے خط کا جواب اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی ارسال کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کا اپنی حکومت کے خلاف عدالت میں جانے پر غور

شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عجب تماشا ہے، چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بیٹھادیا گیا ہے، غیب کا علم اللہ جانتا ہے لیکن میں جس عمران خان کو جانتا ہوں اس کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنا کر یہ لوگ ساری عمر پچھتائیں گے، جن لوگوں نے بھی یہ مشورہ دیا ہے وہ اب بھگتیں کیونکہ جس طرح کی زبان قومی اسمبلی میں استعمال کی جارہی مجھے لگتا ہے کہ ایک روز وہاں جھگڑا ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، نواز شریف سے زیادہ کرپشن کیسز میں ملوث ہیں، عمران خان کو جس وقت حکومت ملی معیشت کی یہ حالت تھی کہ 2 ہفتے کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی نہیں تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق دور میں اسحٰق ڈار نے جعلی شماریات بنائے، اسحٰق ڈار جعلی کاغذ بنانے کے ماہر ہیں، انہوں نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کو جعلی دستاویز دیں، ان لوگوں نے تمام ٹینڈرز سنگل پارٹیز پر دیے ہیں۔

شیخ رشید نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے مطالبہ کیا کہ وائٹ کالر جرائم کے خلاف کارروائی تیز کریں، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں کہ 8 سے 10 کیسز والے پارلیمان میں پالیسی بیان دیں، وہ 8،8 پروٹوکول گاڑیوں میں پھرتے اور وزرا کی کالونی میں رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ ملنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگ کرپشن سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، لوگوں نے کم ظرف، کم عقل، ذہنی پستی، چوروں کے خلاف عمران خان کو ووٹ دیا اور لوگ چاہتے ہیں کہ یہ لوگ قانونی اور آئینی شکنجے میں آئیں۔

ایک سوال کے جواب میں کراچی سرکلر ریلوے پر سندھ حکومت ہمارا ساتھ دے، ہم نے مختلف علاقے خالی کروا لیے ہیں، تاہم اس معاملے کا فریم ورک سندھ حکومت بنائے ہم ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے مزاج کے خلاف کراچی سرکلر ریلوے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس جانے کو تیار ہوں، پوری قوم کو کہنا چاہتا ہوں کہ اب اگر کے سی آر نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں میڈیا پر زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے آج جس مقام پر میڈیا ہے اس میں ایک فیصد میرا دخل ہے، میں نے تو پچھلی تاریخوں میں بھی لائسنز جاری کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کی خواہش کا اظہار

انہوں نے کہا کہ ہم 18ویں آئینی ترمیم رول بیک کرنے کے حق میں نہیں، آصف علی زرداری کے کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے ایک لاکھ زیادہ گناہ خطرناک ہے، آصف زرداری کو اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچا سکتی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میری کوئی کمزوری نہیں، گنیز بک میں کوئی آٹھویں مرتبہ وزیر نہیں بنا، سانحہ ساہیوال ایک لرزہ انگیز واقعہ ہے، اس کے ذمہ داروں کو سزا ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مہربانی ہے کہ وہ میری بات سنتے ہیں اور جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024