• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسکارلیٹ لیڈی: بالغ افراد کیلئے دنیا کا پرتعیش بحری جہاز

شائع January 26, 2019
اس بحری جہاز کا زیادہ تر عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا—فوٹو: ورجن وویگس
اس بحری جہاز کا زیادہ تر عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا—فوٹو: ورجن وویگس

اگرچہ جدید دور میں بحری جہازوں کے ذریعے ایک سے دوسرے ملک سفر کرنے کا رواج کم ہو رہا ہے۔

تاہم اب بھی بحری سفر کو دنیا کا خوبصورت ترین سفر مانا جاتا ہے۔

ماضی میں تو لوگ دور دراز ممالک کا سفر بحری جہازوں اور بحری راستوں کے ذریعے ہی کرتے تھے، تاہم اب اس کی جگہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ فضائی سفر نے لے لی ہے۔

لیکن اب بھی دنیا بھر میں سیاحت کے شوقین افراد زندگی کے بہترین لمحات گزارنے کے لیے بحری سواریوں کا ہی انتخاب کرتے ہیں۔

سمندر کے راستے سفر اور سیاحت کے شوقین افراد کے لیے برطانوی ملٹی نیشنل کمپنی ‘ورجن وویگس‘ نے ایک ایسا پرتعیش بحری جہاز تیار کیا ہے، جو کسی تیرتے ہوئے محل سے کم نہیں۔

اسے تیرتا ہوا خوابوں کا محل بھی کہا جا رہا ہے—فوٹو: ورجن وویگس
اسے تیرتا ہوا خوابوں کا محل بھی کہا جا رہا ہے—فوٹو: ورجن وویگس

کمپنی نے اس تیرتے ہوئے محل کو ’اسکارلیٹ لیڈی‘ کا نام دیا ہے جو دور سے ہی خوابوں کے محل جیسا دکھائی دیتا ہے۔

اسکارلیٹ لیڈی کو دنیا کا پرتعیش ترین بحری جہاز بھی مانا جا رہا ہے جو آئندہ برس اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔

اس پر تعیش بحری جہاز کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں صرف بالغ افراد کو ہی سفر کی اجازت ہوگی۔

کمپنی نے اس جہاز کے سفر کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس میں بچوں اور نابالغ افراد کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔

جہاز کے ڈیزائن میں نفاست کا خاص خیال رکھا گیا ہے—فوٹو: ورجن وویگس
جہاز کے ڈیزائن میں نفاست کا خاص خیال رکھا گیا ہے—فوٹو: ورجن وویگس

تاہم کمپنی نے اس میں سفر کرنے والے بالغ افراد کو عمر کی قید میں نہیں رکھا، اس پرتعیش بحری جہاز میں ہر بالغ مرد و خاتون سفر کی اہل ہوگی۔

ایک لاکھ 10 ہزار ٹن وزنی اس بحری جہاز کی 15 منزلیں ہیں، جب کہ اس میں 1430 کیبنز یا کمرے بنائے گئے ہیں۔

خوبصورت اسکارلیٹ لیڈی میں 78 پرتعیش اور دیدہ زیب ہالز بھی موجود ہیں، جہاں مسافر زندگی کے خوبصورت لمحات کو سکون سے گزار سکیں گے۔

بحری جہاز میں 20 خطوں کے کھانے اور مشروب دستیاب ہوں گے—فوٹو: ورجن وویگس
بحری جہاز میں 20 خطوں کے کھانے اور مشروب دستیاب ہوں گے—فوٹو: ورجن وویگس

جدید ترین اور ذائقے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے ہوٹلز اور کھانوں سے سجے اس بحری محل میں بیک وقت 2770 مسافر سفر کرسکیں گے۔

جہاں اس بحری جہاز میں تین ہزار کے قریب مسافر سوار ہوسکیں گے، وہیں ان کی خدمت کے لیے 1160 افراد پر مشتمل انتہائی قابل عملہ بھی موجود ہوگا۔

اس تیرتے محل کی چوڑائی 38 میٹر جب کہ اونچائی 278 میٹر ہے۔

اس محل میں پرتعیش کمرے، باتھ رومز اور نہانے کے لیے ایسے کمرے بھی موجود ہیں، جہاں سے سمندر کو دیکھا جاسکتا ہے۔

جہاز کی چھت پر سن باتھ اور پارٹیز کی جگہ بنائی گئی ہے—فوٹو: ورجن وویگس
جہاز کی چھت پر سن باتھ اور پارٹیز کی جگہ بنائی گئی ہے—فوٹو: ورجن وویگس

اگرچہ یہ بحری جہاز 2020 میں اپنا سفر شروع کرے گا، تاہم اس میں سفر کرنے کی بکنگ کا آغاز آئندہ ماہ فروری سے محبت کے عالمی دن سے شروع ہوگی۔

فوری طور پر کمپنی اس میں سفر کرنے کی فیس کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس پر تعیش بحری جہاز میں سفر کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔

اسکارلیٹ لیڈی 2020 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا اور یہ بحری جہاز 7 ہزار جزائر پر مشتمل علاقے کیریبین تک جائے گا۔

کمپنی کے مطابق یہ ان کی جانب سے بنائے گئے پرتعیش تین بحری جہازوں میں سے ایک ہے، جب کہ اسی طرح کے مزید 2 پر تعیش جہازوں کو 2021 اور 2022 میں سیاحوں کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ دنیا کے اس پرتعیش تیرتے ہوئے محل میں کن خوش نصیب افراد کو سفر کرنے کا موقع ملتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024