• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن

شائع January 25, 2019
پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی—فائل فوٹو/ڈان نیوز
پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی—فائل فوٹو/ڈان نیوز

نیشنل گرڈ اسٹیشن میں ایک مرتبہ پھر خرابی کے باعث کراچی سمیت سندھ اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد شہروں میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہوگیا۔

صبح سویرے ہونے والے بریک ڈاؤن سے کراچی کے 80 فیصد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ حیدرآباد، سکھر، دادو، شکارپور،ٹھٹہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان سمیت سندھ کے متعدد اضلاع میں بھی بجلی غائب ہوگئی۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث سندھ کے بیشتر شہروں میں ٹرپنگ ہوئی اور دادو 500کے –وی اور گدو، شکارپور کے درمیان بھی کئی سرکٹ ٹرپ کرگئے

انہوں نے بتایا کہ کے- الیکٹرک کےسسٹم میں بھی ٹرپنگ آئی ہے مگر آئی لینڈ موڈ میں جانے کے باعث نیٹ ورک محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ایک مرتبہ پھر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، بیشتر علاقے متاثر

دوسری جانب بلوچستان میں کوئٹہ، نصیرآباد، ڈیرہ مرادجمالی ، سبی، جھل مگسی جعفر آباد سمیت 20 سے زائد اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

اس کے علاوہ واٹربورڈ کے گھارو، دھابیجی، پپیری اورنارتھ ایسٹ کراچی سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنز پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

اس سلسلے میں کے الیکٹرک نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کر کےبتایا کہ ’ نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم جزوی بحالی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے‘۔

واضح رہے کہ شہر کے جن علاقوں میں بجلی بریک ڈاؤن کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں شہر بھر کے تمام صنعتی علاقے بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں جن علاقوں سے بجلی غائب ہوئی ان میں نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ، نیو کراچی، کورنگی، فیڈرل بی ایریا، سپر ہائی وے ،سائٹ سپر ہائی وے، لانڈھی، حب چوکی، بلدیہ، ملیر، شاہ فیصل، کلفٹن، ڈیفنس اور گلش اقبال سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: تین روز میں بجلی کا دوسرا بڑا بریک ڈاؤن

این ٹی ڈی ترجمان کے مطابق 220 کے وی سی-کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن بحال کردی گئی اور اب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے علاقوں کو بجلی کی سپلائی جاری ہے جبکہ سکھر میں بھی بجلی بحال کردی گئی ہے اور حیسکو سے بجلی حاصل کرنے والے علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔

ادھر ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ سے جزوی سپلائی بحال ہونا شروع ہوگئی اورکورنگی، بلدیہ، گزری، دھابیجی، حب، شاہ فیصل، قیوم آباد، سعیدآباد، اسکیم 33،صدر کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔

علاوہ ازیں تمام اہم تنصیبات سمیت گلشن، فیڈرل بی ایریا، گارڈن، کلفٹن، گھارو میں بھی بجلی بحال کردی گئی اور دیگر علاقوں میں بھی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے لہٰذا صارفین سے تعاون کی درخواست ہے۔

بلکہ نیپرا کی مرتب کردہ این ٹی ڈی سی کی کارکردگی کی جائزاتی رپورٹ برائے سال 17-2016 میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ قومی گرڈ سے بجلی کے تعطل میں ڈرامائی اضافہ ہوا جو کہ اس کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے کئی علاقوں میں ایک بار پھر بجلی غائب

اس سے قبل گزشتہ 6 ماہ کے عرصے میں شہر قائد نے 5 سے6 مرتبہ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا سامنا کیا ہے جس پر شہر قائد میں بجلی کے بریک ڈاؤن اور شہریوں کو بلا امتیاز بجلی کی فراہمی میں ناکامی پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے الیکٹرک پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

نیپرا نے نومبر میں کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن اور کارکردگی کے معیار میں ناکامی پر 'کے الیکٹرک' پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا تھا جبکہ ماہ ستمبر میں صارفین کو بلاامتیاز بجلی فراہم کرنے میں ناکامی پر کے الیکٹرک پر 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024