• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

برٹش ایئرویز کا وفد سیکیورٹی کا جائزہ لینے پاکستان آئے گا

شائع January 23, 2019 اپ ڈیٹ January 24, 2019
برٹش ائرویز نے 2008 میں پاکستان کے لیے پروازیں منسوخ کردی تھیں—فائل/فوٹو:اے پی
برٹش ائرویز نے 2008 میں پاکستان کے لیے پروازیں منسوخ کردی تھیں—فائل/فوٹو:اے پی

برٹش ایئرویز کا وفد 10 برس بعد پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کرنے کے حوالے سے سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔

برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر رچرڈ کراؤڈر کی جانب سے سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن شاہ رخ نصرت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ‘دورے کا اصل مقصد برٹش ایئرویز کو جون میں آپریشن شروع کرنے سے پہلے سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری اقدام پر پاکستانی حکام سے گفتگو کرنا ہے’۔

خط کے مطابق دورے میں برٹش ایئرویز کا وفد نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جائے گا، جہان سیکیورٹی اقدامات کو دیکھے گا اور برٹش ایئرویز کو اپنے پروازوں کی آمد ورفت کے پیش نظر سہولیات کا جائزہ لے گا۔

ڈپٹی ہائی کمشنر نے لکھا کہ برٹش ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی خبر دونوں ممالک کے لیے خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں:برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘برٹش ایئرویز مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے اعتماد بحال کر چکی ہے جو پاکستان میں حالیہ برسوں میں سیکیورٹی کی صورت حال کی زبردست بہتری کا عکاس ہے’۔

برٹش ایئرویز کے بین الاقوامی ائرپورٹس کے سربراہ پال کووینٹری، انٹرنیشنل رسک ایڈوائزر ڈیوڈ کریگ اور ڈائریکٹر سیفٹی اینڈ سیکیورٹی جان مونک 29 جنوری اور 30 جنوری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

برطانوی وفد کا اس دوران اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا کی بہترین اور بروقت پہنچانے والی 14 فضائی کمپنیاں

یاد رہے کہ ستمبر 2008 میں برٹش ایئرویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں غیر معینہ مدت تک معطل کردی تھیں اور یہ فیصلہ میریٹ ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کے بعد کیا گیا تھا جہاں 50 سے زائد افراد جاں بحق اور 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

برٹش ایئرویز نے گزشتہ ماہ اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لندن ہیتھرو سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے پروازیں بحال کی جارہی ہیں۔

اپنی ویب سائٹ پر جاری اعلامیے برٹش ایئرویز نے کہا تھا کہ ہفتے میں 3 پروازیں شروع کردی جائیں گے جس کا کرایہ 499 پاؤنڈ (91 ہزار روپے) ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024