سوزوکی ویگن آر کا تھرڈ جنریشن ماڈل متعارف
سوزوکی نے اپنی مقبول گاڑی ویگن آر کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے جو کہ تین ورژن ایل ایکس آئی، وی ایکس آئی اور زی ایکس آئی میں دستیاب ہوگا۔
سوزوکی کی جانب سے ویگن آر 2019 کو سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ویگن آر 2019 میں 2 پٹرول انجن کے آپشن دستیاب ہوں گے 1.2 لیٹر اور 1.2 لیٹر، جبکہ آٹومیٹڈ مینوئل ٹرانسمیشن سسٹم آٹو گیئر شفٹ ان انجن آپشنز کے ساتھ ایک آپشن کے طور پر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : تھرڈ جنریشن سوزوکی ویگن آر متعارف ہونے کے لیے تیار
یہ ویگن آر کا تھرڈ جنریشن ماڈل ہے جو کہ ڈیزائن کے لحاظ سے سابقہ ماڈل کے مقابلے میں کچھ بڑا اور بہتر ہے بلکہ مختلف دکھائی دیتا ہے۔
اس کے سامنے والے حصے میں نئی گرل اور ری ڈیزائن ہیڈلیمپس دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ فرنٹ بمپر میں فوگ لیمپس بھی دیئے گئے ہیں۔
گاڑی کے پچھلے حصے کا ڈیزائن بھی پہلے مے مقابلے میں کافی مختلف ہے اور کمپنی کے کہنا ہے کہ کیبن کے اندر گنجائش بھی پہلے سے زیادہ ہے۔
مسافروں کے تحفظ کے لیے بھی نئے فیچرز دیئے جارہے ہیں جن میں اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (اے بی ایس)، الیکٹرونک بریک فورس ڈسٹری بیوشن(ای بی ڈی)، فرنٹ سیٹ ریمائنڈر، اسپیڈ الرٹ سسٹم اور رئیر پارکنگ سنسرز قابل ذکر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک سوزوکی کا پاکستانیوں کو نئے سال کا 'تحفہ'
اس نئی گاڑی کے اندرونی حصے کو نئے ڈیش بورڈ اور ایک نئے ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم سے لیس کیا گیا ہے، جسے اسمارٹ پلے اسٹوڈیو کا نام دیا گیا ہے، جو مسافروں کو گانے سننے کے ساتھ خبروں کی تلاش، موسم کے حال اور کھانے پینے کے مقامات ڈھونڈنے میں مدد بھی فراہم کرے گا۔
اس گاڑی کی قیمت مختلف ورژن اور فیچرز کے مطابق 4 لاکھ 19 ہزار بھارتی روپے (8 لاکھ 22 ہزار پاکستانی روپے) سے 5 لاکھ 69 ہزار بھارتی (11 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کے درمیان ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ویگن آر کی قیمت 12 لاکھ 24 ہزار روپے سے 13 لاکھ 14 ہزار روپے تک ہے اور اس گاڑی کا نیا ورژن یہاں کب تک آئے گا، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔