پہاڑوں پر تصاویر بنوانے والی اسٹار اونچائی سے گر کر ہلاک
یوں تو دنیا بھر میں گزشتہ چند سال سے سیلفی لینے اور بہترین ویڈیوز بنوانے کے چکر میں انسانوں کی ہلاکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تاہم پھر بھی شہرت کے بھوکے انسان خطرناک کرتب دکھا کر تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے بعض نہیں آتے۔
اور ایسا ہی ایک افسوس ناک واقعہ تائیوان میں بھی ہیش آیا، جہاں ایک انٹرنیٹ اسٹار مبینہ طور پر پہاڑ کی اونچائی سے گر کر ہلاک ہوگئیں۔
جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ خطرناک پہاڑ چڑھ کر وہاں بولڈ اور رومانوی انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بناکر انٹرنیٹ پر شہرت حاصل کرنے والی 36 سالہ گیگی وو ایک حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی خبر میں تائیوان کی مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گیگی وو مبینہ طور پر 100 فٹ بلند پہاڑ پر چڑھنے کی کوشش کے دوران گر کر ہلاک ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق 36 سالہ اسٹار گیگی وو 30 میٹر اونچے پہاڑ پر چڑھنے کے دوران خراب موسم کی وجہ سے ہلاک ہوئیں۔
مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی کہ گیگی وو نے گرنے کے بعد موبائل فون کے ذریعے اپنے ایک دوست کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا، تاہم فوری طور پر انہیں ریسکیو کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں نہیں کی جاسکیں۔
حکام کے مطابق گیگی وو کے ساتھ بد قسمتی سے دن ختم ہونے کے وقت حادثہ پیش آیا، اس لیے انہیں تلاش کرنے کے لیے دوسرے روز امدادی کارروائیوں کا آغاز ہوا۔
حکام نے تصدیق کی کہ گیگی وو کی لاش کو 22 جنوری کو تلاش کرلیا گیا۔
ساتھ ہی حکام نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ گیگی وو پہاڑ پر چڑھنے کی ناکام کوشش کے دوران گر کر ہلاک ہوئیں یا خراب موسم کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر خراب اور انتہائی سرد موسم کی وجہ سے گیگی وو کا جسم انتہائی ڈھنڈا ہوگیا ہوگا اور انہیں پہاڑ پر چڑھنے میں دشواری کا سامنا ہوا ہوگا اور اسی دوران ہی وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی ہوں گی۔
اگرچہ گیگی وو ان پہاڑوں پر ایسے موسمی حالات میں پہلے بھی چڑھ کر وہاں تصاویر اور ویڈیوز بناکر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کرتی رہتی تھیں۔
تائیوان سمیت وسطی ایشیا میں انہیں ’بکنی کلائمبر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔
گیگی وو اپنے سوشل اکاؤنٹس پر مختصر کپڑوں میں پہاڑوں پر کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرنے سے ہی اسٹار بنی تھیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیگی وو نے پہاڑوں پر چڑھ کر ویڈیوز اور تصاویر بنانے کا سلسلہ چند سال قبل دوستوں سے شرط لگانے کے بعد شروع کیا تھا۔
گیگی وو نے نہ صرف دوستوں سے شرط جیتی، بلکہ وہ اپنی دیدہ زیب تصاویر اور ویڈیوز سے عام لوگوں کا دل بھی جیتنے میں کامیاب گئیں اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے اسٹار بن گئیں۔