ویرات کوہلی نے تاریخ رقم کردی، آئی سی سی کے تینوں بڑے ایوارڈز لے اڑے
بھارتی کپتان ویران کوہلی نے 2017 کی فارم کو جاری رکھتے ہوئے 2018 میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا جس کی مدد سے انہوں نے نہ صرف بھارت کو پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا کارنامہ انجام دیا بلکہ آئی سی سی ایوارڈز پر بھی اپنا نام درج کروادیا۔
مایہ ناز کرکٹر ویرات کوہلی کی گزشتہ 12 ماہ کی بہترین کارکردگی پر سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’سر گارفلیڈ سوبرز ٹرافی‘ دیا گیا۔
ویرات کوہلی نے سفید لباس میں 2018 کے دوران 5 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار سو 22 رنز اسکور کیے۔
اسی طرح آئی سی سی ووٹنگ اکیڈمی نے ٹیسٹ اور ون ڈے کا پلیئر آف دی ایئر کے لیے بھی ویرات کوہلی کا ہی انتخاب کیا۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی ٹیسٹ، ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان، ایک پاکستانی بھی شامل
ایشیا کپ 2018 میں شرکت نہ کرنے والے ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کے مقابلے میں ون ڈے میں زیادہ بہتر کھیل پیش کیا اور ایک سال کے دوران صرف 14 میچز کھیل کر 133.55 کی شاندار اوسط سے 6 سنچریوں کی بدولت ایک ہزار 2 سو 2 رنز اسکور کیے۔
بھارتی کھلاڑیوں کا ایوارڈز جیتنے کا سلسلہ یہیں نہیں تھما بلکہ وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پَنٹ سال کے بہترین ابھرتے ہوئی کھلاڑی قرار پائے۔
اسی طرح ایسوسی ایٹس ٹیموں میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اسکاٹ لینڈ کے کیلم میک لائیڈ کے نام رہا جنہوں نے انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے میچز میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
سال کے بہترین امپائر کے شعبے میں ایک مرتبہ پھر ووٹنگ اکیڈمی نے سری لنکا کے کمار دھرمیسینا کا انتخاب کیا جس کے ساتھ ہی مسلسل دوسری مرتبہ یہ ایوارڈ ان کے نام رہا۔
زمبابوے میں ہونے والی سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران میزبان ملک کے خلاف آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ کی 172 رنز کی ریکارڈ توڑ اننگز ٹی ٹوئٹی کی بہترین اننگز قرار پائی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان بھی ایوارڈز کی فہرست میں اپنا نام درج کروانے میں کامیاب ہوگئے اور انہیں آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔