• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

کراچی میں بھی مشکوک ’پولیس مقابلہ‘، راہ گیر میاں بیوی زخمی

شائع January 21, 2019
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا جوڑا اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بنا — فائل فوٹو
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والا جوڑا اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بنا — فائل فوٹو

کراچی کے علاقے کورنگی میں مشتبہ شخص کی جانب سے سرکاری رائفل چھیننے کے واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے راہگیر شخص اور اس کی حاملہ بیوی زخمی ہوگئی۔

عوامی کالونی پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق 2 پولیس اہلکاروں نے 2 مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکا تھا۔

مشتبہ افراد نے رک کر ایک پولیس اہلکار سے سرکاری رائفل چھینی تاہم ملزمان نے پولیس کی فائرنگ پر رائفل کو قریب ہی پھینک دیا اور فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں: نوجوان خاتون پولیس افسر بہادری کی مثال

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے بتایا کہ 32 سالہ عدنان عارفین اور 28 سالہ ثاقبہ خان پولیس کی جانب سے مشتبہ افراد پر کی گئی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔

جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون حاملہ تھیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس میں اصلاحات کے لیے چند تجاویز

ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے سینے اور کندھے پر گولی لگی جبکہ ان کے شوہر کے سر میں گولی لگی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثناء پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے پولیس فائرنگ سے جوڑے کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کورنگی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کورنگی سید علی رضا نے جناح اسپتال کا دورہ کیا اور ڈاکٹر سیمی جمالی سے ملاقات کی۔

ایس ایس پی علی رضا نے سیمی جمالی سے دونوں زخمی میاں بیوی کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست کی۔

ایس ایس پی نے ڈاکٹر سیمی جمالی سے زخمیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی۔فوٹو: ڈان نیوز
ایس ایس پی نے ڈاکٹر سیمی جمالی سے زخمیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی۔فوٹو: ڈان نیوز

ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ دونوں زخمی میاں بیوی کو اسپیشل وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی علی رضا نے ڈاکٹر سیمی جمالی کے ہمراہ زخمی میاں بیوی کی عیادت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ نجی کمپنی کے ملازم زخمی عدنان اور اس کی اہلیہ ثاقبہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی ثاقبہ 8 ماہ کی حاملہ ہیں جنہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ زخمی خاتون ثاقبہ کے والد زرین خان کراچی پولیس کے ریٹائرڈ پولیس افسر ہیں۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 21 جنوری 2019 کو شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024