نومولود بچوں کی نیند پوری کیسے کی جائے؟
بچوں کو سلانا یقیناً والدین کے لیے ایک مشکل کام ثابت ہوتا ہے۔ بچے کو پوری احتیاط سے اٹھانے سے لے کر وقت پر بستر پر لٹانے تک کا عمل کوئی بچوں کا کھیل نہیں۔ بطورِ والدین آپ کو اس بات کا اندازہ تو ہوگا ہی کہ جب تک آپ کا بچہ سو نہیں جاتا آپ بھی سو نہیں پاتے۔ تو ایسی صورتحال میں کیا کرنا چاہیے؟
وہ کون سا طریقہ ہے جس سے بچہ جلدی سوجائے؟
نیند پوری ہونا نہ صرف آپ کے نومولود بچے کے لیے اہم ہے بلکہ پورا دن بچے کا خیال رکھنے والے والد یا والدہ کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔ لہٰذا، آپ کے بچے کی نیند پوری ہو رہی ہے یا نہیں یہ یقینی بنانے کے لیے چند باتوں کا خاص خیال رکھیں، جو ہم مندرجہ ذیل پیش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: چھوٹے بچوں کے ساتھ ہوائی سفر پرسکون بنانے کے 9 طریقے
1 بچوں کو سلانے کا ایک معمول بنائیے
رات کے وقت ایک سکون بخش معمول یا روٹین بنا لینے سے آپ کا بچہ وقت پر سونے کا عادی بن سکتا ہے۔ اس معمول میں لوری گانا بھی ہوسکتا ہے یا پھر گرم پانی میں بھیگے کپڑے سے بچے کو نہلانا بھی۔ اگر آپ اس طرح کا کوئی عمل اپنے بچوں کو بستر پر لے جانے سے پہلے ایک خاص وقت پر ہر رات دہرائیں گے تو آپ کے ننھے منے بچوں کو خوبخود یہ سمجھ آنے لگ جائے گا کہ اب سونے کا وقت ہوچلا ہے۔
2 کمرے میں مناسب سورج کی روشنی ہو
بچوں کو دن اور رات کے اوقات میں فرق کرنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے۔ لہٰذا بچوں کے جسم کو رات اور دن سے ہم آہنگ بنانے کے لیے دن کے وقت اپنے گھر میں مناسب سورج کی روشنی آنے دیجیے۔ آپ بچوں کو دن کے وقت گھر سے باہر سیر کے لیے بھی لے جاسکتے ہیں تاکہ وہ دھوپ سے واقف ہوسکیں۔
3 سکون بخش نباتی تیل یا عطر
سب سے پہلے تو ہم آپ کو یہ تجویز دیں گے کہ آپ اس بارے میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر سے مشورہ لیجیے۔ چونکہ اب تو کئی نباتی تیل اپنے سکون بخش اور آرام بخش خشبوؤں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، لہٰذا آپ لونڈر کے عطر کی ایک یا دو بوندیں ایسی جگہ پر گرادیں جو آپ کے بچے کے بستر سے قریب ہو تاکہ آپ کے بچے کو جلد سوجانے میں مدد ملے۔
4 لائٹ آن مت کریں
اگر آپ کا بچہ رات کے وقت نیند سے جاگ جاتا ہے تو اسے لے کر روشن کمرے میں مت جائیں اور نہ ہی کمرے کی لائٹ آن کریں بلکہ اس کے بجائے بچے کو اس وقت تک ہلکے ہلکے سے ہلاتے رہیں جب تک کہ وہ دوبارہ سو نہیں جاتا۔
مزید پڑھیے: بچوں کے کمرے سجانے کے 7 جدید اور دیدہ زیب اسٹائل
5 بچوں سے نظریں چرائیں
بچے ہر وقت کسی نہ کسی کے ساتھ کھیلنا یا مصروف رہنا پسند کرتے ہیں۔ لہٰذا جب آپ اپنے چھوٹے بچے سے نظریں ملاتے ہیں تو وہ نیند کے بجائے آپ کی طرف متوجہ ہوجاتا ہے۔ اسی لیے جب آپ بچے کو سلانے کی کوشش کر رہے ہوں تو بچوں کی نظروں سے بچنے کی کوشش کریں۔
6 اپنے بچے کی مالش کیجیے
سکون بخش، گرم مالش سے زیادہ آرام دہ چیز اور کیا ہوسکتی ہے؟ بچوں کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ اسی لیے اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ وقت پر سوئے تو رات کے وقت 15 منٹ کی نفیس مالش کو معمول بنا لیجیے۔
7 دھیمی آواز میں بات کریں
اس کام کے لیے آپ کو کوئی ذہنی مشقت درکار نہیں، کیونکہ سرگوشی کے انداز میں بچے سے باتیں کرنے سے بچے کو جلدی سوجانے میں مدد مل سکتی ہے۔ نومولود بچے کے ساتھ سرگوشی یا دھیمی و نفیس آواز میں باتیں کرنے سے اسے وہ وقت یاد آسکتا ہے کہ جب وہ آپ کے رحم کے اندر بحفاظت موجود تھا اور یہ اس کے لیے سکون بخش ثابت ہوسکتا ہے۔