• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm

بیلٹ پیپرز میں ’نوٹا‘ کے آپشن کیلئے آئین میں شق نہیں، الیکشن کمیشن

شائع January 17, 2019
نوٹا کا آپشن درج کرنے کے لیے آئین اور قانون میں کوئی شق موجود نہیں،الیکشن کمیشن — فائل فوٹو
نوٹا کا آپشن درج کرنے کے لیے آئین اور قانون میں کوئی شق موجود نہیں،الیکشن کمیشن — فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائی کورٹ میں بیلٹ پیپرز میں نوٹا (ان میں سے کوئی بھی نہیں) کا آپشن شامل نہ کرنے کی درخواست سے متعلق کہا ہے کہ آئین اور قانون میں ایسی کوئی شق موجود نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکا کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بیلٹ پیپر میں نوٹا (یعنی ان میں سے کوئی بھی نہیں) کا آپشن شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

سماعت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہائی کورٹ کے حکم پر جواب جمع کروادیا۔

مزید پڑھیں: ووٹ ڈالتے وقت ’ان میں سے کوئی بھی نہیں‘ کا آپشن اور پاکستان

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپر میں نوٹا کا آپشن درج کرنے کے لیے آئین اور قانون میں کوئی شق موجود نہیں۔

عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ نوٹا کا آپشن صرف ترقی یافتہ ممالک میں استعمال ہوتا ہے جہاں شرح خواندگی زیادہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے جواب میں لاہور ہائی کورٹ سے نوٹا کا آپشن شامل کرنے کی درخواست مسترد کرنے کی درخواست بھی کی۔

بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت کو اس معاملے پر جواب داخل کروانے کا آخری موقع دیا، عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اگر جواب داخل نہیں کروایا تو عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ حق رائے دہی ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، بیلٹ پیپرز پر نوٹا کا آپشن نہ ہونے کی وجہ سے ووٹر کے پاس محدود حق رائے دہی رہ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کچرا کنڈی سے مہر لگے بیلٹ پیپر برآمد

درخواست میں کہا گیا کہ ووٹر کو نہ چاہتے ہوئے بھی موجود امیدواروں میں سے کسی ایک کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنا پڑتا ہے اور اگر کوئی امیدوار، پسند نہ ہو تو ووٹر اپنا ووٹ منسوخ کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔

درخواست کے مطابق بھارت سمیت متعدد ممالک میں انتخابات میں نوٹا کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے تحت ووٹر اگر کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دینا چاہے تو وہ نوٹا پر نشان لگا دیتا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپرز میں نوٹا کا آپشن شامل کرنے کا حکم دے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025