• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’پاکستانیوں نے مجھے بےحد محبت دی‘

شائع January 17, 2019
ادیتی سنگھ نے پاکستانی فلم ’وجود‘ میں کام کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ادیتی سنگھ نے پاکستانی فلم ’وجود‘ میں کام کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ اپنے پاکستان کے دورے پر بےحد خوش ہیں، جن کا ماننا ہے کہ پاکستانیوں نے انہیں بہت محبت دی اور انہیں ایسا محسوس ہی نہیں ہورہا کہ وہ اپنے ملک کے بجائے کسی اور ملک میں موجود ہیں۔

ادیتی سنگھ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں رکھی ایک میٹنگ کا حصہ بنیں، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ خود کو خوش قسمت مانتی ہیں کہ انہیں اتنی محبت ملی ہے۔

یاد رہے کہ ادیتی سنگھ نے جاوید شیخ کی ہدایات میں بننے والی فلم ’وجود‘ میں اہم کردار نبھایا ہے۔

ادیتی سنگھ نے پریس کلب میں رکھی اس میٹنگ میں اداکارہ میرا کا ان کا ساتھ دینے پر بھی اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

میرا وہ پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے جاوید شیخ کی فلم وجود کی کاسٹنگ کے اعلان کے بعد کہا تھا کہ جاوید شیخ نے کسی گڑیا جیسی لڑکی کو اپنی فلم میں کاسٹ کیا ہے۔

ادیتی سنگھ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں نے پاکستان میں اب تک جو کچھ بھی حاصل کیا اس کی ایک وجہ میڈیا کا مجھے بڑھاوا دینا ہے، میڈیا کا سپورٹ نہ ہو تو ہم فنکار کچھ بھی نہیں ہیں‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے مامو اداکار ادیتیے پنچولی نے کہا تھا کہ وہ جب بھی پاکستان جائیں گی انہیں وہاں بےحد محبت ملے گی، کیوں کہ انہیں بھی وہاں ہمیشہ پیار ہی ملا۔

ادیتی کے مطابق انہیں ایسا محسوس ہی نہیں ہوتا کہ وہ اپنے گھر میں نہیں ہیں، کیوں کہ یہاں موجود کئی گھرانوں نے اپنے گھر کا حصہ بنایا۔

مزید پڑھیں: جاوید شیخ، ندیم اور شاہد پہلی بار ایک ساتھ ’وجود‘ میں

پاکستانی اور بھارتی فلموں میں تکنیکی فرق کے حوالے سے ایک سوال پر ادیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی فرق نظر نہیں آتا، پاکستانی فلم انڈسٹری آگے بڑھ رہی ہے، پاکستانی میڈیا کا مستقبل بھی روشن نظر آتا ہے‘۔

ادیتی سنگھ نے پاکستانی فنکار علی ظفر، حمزہ علی عباسی اور میرا کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ ادیتی سنگھ نے تیلگو فلم ’گپیدانتھ پریم‘ کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد پاکستان آنے سے قبل انہوں نے ایک اور تیلگو فلم ’نینو کڈنیپ لیانو‘ میں کام کیا تھا۔

فلم وجود کی کاسٹ —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم وجود کی کاسٹ —فوٹو/ اسکرین شاٹ

اس دوران میرا نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعے میڈیا سے بات کی۔

انہوں نے ادیتی سنگھ کا استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان فلم ٹی وی جرنسلٹ ایسوسی ایشن کا ایونٹ منعقد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

میرا کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک الگ ضرور ہیں لیکن ان کے لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، سیاسی طور پر ایک دوسرے سے اختلافات ضرور ہیں لیکن جب ثقافت اور فلم انڈسٹری کی آتی ہے تو دونوں ممالک کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، ایک فنکار کو صرف پیار چاہیے‘۔

اداکارہ میرا نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے حال ہی میں دبئی میں بولی وڈ اداکار سونو سود سے ملاقات کی اور اداکار نے پاکستان آنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا جبکہ میرا کی فلم ’باجی‘ کی بھارت میں ریلیز کی امید بھی ظاہر کی۔

یہ خبر 17 جنوری 2019 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024