• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ٹی آئی کا اراکینِ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کے دعوے پر یوٹرن

شائع January 14, 2019
پی ٹی آئی بلدیاتی حکومت کے نظام میں بھی تبدیلی چاہتی ہے—فائل فوٹو
پی ٹی آئی بلدیاتی حکومت کے نظام میں بھی تبدیلی چاہتی ہے—فائل فوٹو

راولپنڈی: صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو ترقیاتی فنڈز نہ دینے کے دعوے سے پیچھے ہٹتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پنجاب نے اپنے ہر رکنِ صوبائی اسمبلی کے لیے 10 کروڑروپے مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ا س سلسلے میں حکومت پہلے ہی حکمراں جماعت کے اراکین اسمبلی سے ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز حاصل کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ ماضی میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) کو اراکینِ اسمبلی کے ذریعے ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر تنقید کا نشانہ بناتی تھی لیکن اب خود پنجاب میں اقتدار سنبھالنے کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے اراکینِ صوبائی اسمبلی سے ترقیاتی تجاویز طلب کرلیں۔

یہ بھی دیکھیں: 'صوبائی اراکین اسمبلی کیلئے اب ترقیاتی فنڈز نہیں'

اس سلسلے میں پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اراکینِ صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی تجاویز جمع کروادی ہیں لیکن مالی مشکلات کے سبب فنڈز جاری نہیں ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس لاہور میں پیر کو (آج) ہوگا جس میں حکمراں جماعت کے اراکین اسمبلیوں کے علاقوں میں درپیش مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔

اس کے ساتھ اراکینِ اسمبلی نے عوام کی مشکلات کے حل کے لیے علاقے کے سینئر افسران کے تعاون نہ کرنے پر بیوروکریسی کا معاملہ اٹھانےکا بھی فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب: اراکینِ صوبائی اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز بحال کرنے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا کہ اراکینِ اسمبلی اپنے علاقوں میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں تاکہ خاص کر ان یونین کونسلوں میں جو مسلم لیگ(ن) کے دورِ حکومت میں نظر انداز کردی گئی تھیں۔

سینئر رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی حکومت کے نظام میں بھی تبدیلی چاہتی ہے کیوں موجودہ نظام میں تمام میونسپل کارپوریشنز اور ضلعی کونسلز میں اراکین کی اکثریت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھتی ہے۔

چنانچہ بلدیاتی حکومت کے قانون میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کے ذریعے ہی کی جاسکتی ہے لیکن اس کے لیے پی ٹی آئی کے پاس ایوان میں مطلوبہ اکثریت موجود نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر، وزیراعظم، ایم این ایز کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری

اس صورتحال میں صوبائی اسمبلی نے ہر حکومتی رکن اسمبلی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کرتے ہوئے ان سے ترقیاتی تجاویز طلب کیں۔

اس ضمن میں پی ٹی آئی کے رکنِ صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے حکومتِ پنجاب کو ترقیاتی تجاویز جمع کروادی ہیں اور اس سلسلے میں جلد فنڈز جاری ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں متعدد علاقوں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ گزشتہ حکومت صرف کمیشن کے لیے منصوبے شروع کرنے میں مصروف رہی تھی۔

مزید پڑھیں: 'اراکینِ پارلیمنٹ کو فنڈز کا اجراء بظاہر دھاندلی'

دوسری جانب حکام کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے سے جاری منصوبوں کی وجہ سے نئے منصوبوں کے آغاز میں مشکلات کا سامناہے، جس کی وجہ سے فنڈز کے اجرا میں تاخیر ہورہی ہے، تاہم اراکینِ اسمبلی اپنے حلقوں کے لیے ترقیاتی فنڈز کے حصول کے لیے پر امید ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024