• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’ چینی قونصل خانے پر حملے کی منصوبہ بندی را کی مدد سے افغانستان میں ہوئی‘

شائع January 11, 2019
قونصل خانے پر حملے کے 5 سہولت کار گرفتار کیے گئے — فوٹو : ڈان نیوز
قونصل خانے پر حملے کے 5 سہولت کار گرفتار کیے گئے — فوٹو : ڈان نیوز

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ چینی قونصل خانے پر حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انالیسز ونگ (را) ملوث تھی اور اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔

کراچی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کے 5 سہولت کاروں کو مختلف کارروائیوں کے دوران کراچی، حب، کوئٹہ اور خضدار سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو متاثر کر کے پاکستان اور چین کے تعلقات میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کے تحت کیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ حملہ آور چاہتے تھے کہ چینی شہری کراچی کو غیر محفوظ شہر سمجھیں‘۔

امیر شیخ نے چینی قونصل خانے پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ دہشت گرد گزشتہ 4 ماہ سے قونصل خانے خاص طور پر اس کے ویزا سیکشن کی ریکی کررہے تھے۔

مزید پڑھیں : کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید

امیر شیخ نے بتایا کہ ’ دہشت گرد قونصل خانے کے ویزا سیکشن میں بیٹھ کر دروازے کھلنے کے اوقات اور دیگر تفصیلات کا مشاہدہ کرتے تھے‘۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں نے ٹرین کے ذریعے اسلحہ کوئٹہ سے کراچی پہنچایا جبکہ اسلحہ اور دیگر آلات کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر میں چھپایا گیا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ حملے میں ملوث دہشت گردوں نے جعلی شناختی کارڈ بھی استعمال کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) اور پاکستان ریلوے کو سیکیورٹی طریقہ کار بہتر بنانے کے لیے خط لکھ رہے ہیں تاکہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) اور ریلوے کی سہولیات کا غلط استعمال نہیں کیا جاسکے۔

انہوں نے دہشت گردوں کے موبائل فون سے حاصل کی گئی تصاویر بھی شیئر کیں، انہوں نے بتایا کہ حملے کے ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو کا کزن اور ان کے بہنوئی بھی حملے میں ملوث تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو اور دیگر خطرناک دہشت گردوں کے افغانستان میں ایک حملے میں ہلاک ہونے کی اطلاعات پیں لیکن ان کی لاش یا کوئی ٹھوس ثبوت ملنے تک اس بات کا یقین نہیں کیا جاسکتا۔

امیر شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کالعدم تنظیم بلوچستان ( بی ایل اے) کا تعلق بھارت سے ہے، بھارت ابھی بھی ہمارے خلاف متحرک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تفتیشی حکام چینی قونصل خانے پر حملے کے ذمہ داران کو گرفتار کرنے میں ناکام

خیال رہے کہ 23 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم چینی قونصل خانے میں 3 یا 4 افراد نے کلفٹن کے علاقے میں واقعے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

چینی قونصل خانے میں حملے کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید، 2 نامعلوم افراد جاں بحق اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں تینوں حملہ آور مارے گئے تھے۔

واقعے کے اگلے روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے رکن عبدالرزاق بلوچ کے 2 بھائیوں کو صوبہ بلوچستان کے علاقے خاران سے گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024